
لکھنؤ، 31 جنوری (ہ س)۔ اتر پردیش کے دارالحکومت لکھنؤ کے سشانت گولف سٹی تھانے کے علاقے میں جمعہ کی دیر رات نامعلوم حملہ آوروں نے ریٹائرڈ ایئر فورس افسر اودھیش کمار پاٹھک (60) کو شاپنگ اسکوائر 2 میں گولی مار دی اور فرار ہو گئے۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر زخمی شخص کو اسپتال منتقل کر کے مزید تفتیش شروع کر دی۔
ڈپٹی کمشنر آف پولیس (جنوبی) نپن اگروال نے ہفتہ کو بتایا کہ اودھیش کمار پاٹھک اصل میں سنت کبیر نگر ضلع کے ہاوپور گڈاری گاؤں کے رہنے والے ہیں۔ فی الحال، وہ گوسائی گنج کے کبیر پور گاؤں میں اپنی نجی رہائش گاہ میں رہتے ہیں اور شاپنگ اسکوائر-1، دکان نمبر 222 میں ”رسوئی بائی ماں“ کے نام سے دکان چلاتے ہیں۔ ان کی بیوی کی جانب سے دی گئی تحریری شکایت میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ جمعہ کی رات، ان کے شوہر دکان سے کچھ سامان اپنی کار میں لوڈ کر رہے تھے، تب ہی دو نامعلوم افراد نے ان پر گولی چلا دی، جس میں گولی ان کی آنکھ کے اوپری حصے میں لگی۔ وہ اسپتال میں زیر علاج ہیں ۔
ڈپٹی کمشنر آف پولیس، جنوبی نے بتایا کہ شکایت کی بنیاد پر دو نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ جائے وقوعہ اور آس پاس کے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کی جانچ کی جارہی ہے۔ تحقیقات کو تیز کرنے کے لیے آٹھ خصوصی پولیس ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ مقامی باشندوں سے بھی پوچھ گچھ کی جا رہی ہے اور تمام ممکنہ زاویوں سے تفتیش جاری ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد