
ٹوکیو، 23 جنوری (ہ س)۔ جاپان کی وزیر اعظم سانائے تاکائیچی نے جمعہ کو ڈائیٹ کے 465 رکنی ایوان زیریں کو تحلیل کر دیا، جس سے 8 فروری کو قبل از وقت انتخابات کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔ تاکائیچی نے یہ فیصلہ صرف تین ماہ مدت کار کے بعد کیا۔
جاپان ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق، یہ اقدام ان کی مقبولیت سے فائدہ اٹھانے کی کوشش ہے تاکہ حکمراں جماعت حالیہ برسوں میں نمایاں نقصانات کے بعد دوبارہ اپنے قدم جما سکے۔ لیکن اس سے بجٹ کی پارلیمانی منظوری میں تاخیر ہو گی جس کا مقصد مشکلات کا شکار معیشت کو فروغ دینا اور بڑھتی ہوئی قیمتوں کو کم کرنا ہے۔
اکتوبر میں جاپان کی پہلی خاتون وزیر اعظم منتخب ہونے والی تاکائیچی کو صرف تین ماہ ہوئے ہیں۔ تاکائیچی کی لبرل ڈیموکریٹک پارٹی (ایل ڈی پی) کو اب بھی کچھ چیلنجز کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ پارٹی متعدد بدعنوانی کے گھوٹالوں اور متنازعہ یونیفیکیشن چرچ سے اس کے ماضی کے تعلقات سے دوچار ہے۔ یہ واضح نہیں ہے کہ آیاسینٹرسٹ ریفارم الائنس، متوسط طبقے کے ووٹروں کو اپنی طرف متوجہ کرنے میں کامیاب ہو سکے گی یا نہیں، جب کہ اپوزیشن جماعتیں اب بھی اتنی بکھری ہوئی ہیں کہ وہ ایل ڈی پی کے لیے کوئی سنگین خطرہ نہیں پیدا کر سکتی ہیں۔ تاکائیچی کو بھی کچھ عرصے سے چین کی دشمنی کا سامنا ہے۔
ایوان زیریں کے اسپیکر فوکوشیرو نوکاگا کے پارلیمنٹ کو تحلیل کرنے کا اعلان کرنے پر ارکان پارلیمنٹ نے کھڑے ہو کران کا استقبال کیا۔ تاکائیچی کے قبل از وقت انتخابات کرانے کے منصوبے کا مقصد اپنی مقبولیت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے جاپان کی دو ایوانوں والی پارلیمان کے ایوان زیریں میں اکثریت حاصل کرنا ہے۔ اسکینڈل سے دوچار ایل ڈی پی اور اس کے اتحاد کے پاس 2024 کے انتخابات میں شکست کے بعد ایوان زیریں میں بہت کم اکثریت حاصل تھی۔ اتحاد کے پاس ایوان بالا میں اکثریت نہیں ہے اور وہ اپنے ایجنڈے کو منظور کرانے کے لیے وہ اپوزیشن اراکین کے ووٹوں پر منحصر ہے۔
اپوزیشن رہنماؤں نے فوری اقتصادی اقدامات کے لیے درکار بجٹ کی منظوری میں تاخیر پر تاکائیچی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے پیر کو اپنے انتخابی منصوبوں کا اعلان کرتے ہوئے ایک نیوز کانفرنس میں کہا،”میرا ماننا ہے کہ عوام کے پاس واحد آپشن ہے کہ وہ فیصلہ کریں کہ سانائے تاکائیچی کو وزیر اعظم بننا چاہیے یا نہیں۔ میں اس پر اپنا وزیر اعظم کا کریئر داؤ پر لگا رہی ہوں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد