
کانپور، 22 جنوری (ہ س)۔ اترپردیش کے کانپور میں راوت پور تھانے کے علاقے میں 8 جنوری کو سی بی آئی کی ایک ریٹائرڈ خاتون انسپکٹر اور ڈپٹی جیلر کی بیوی سے چین لوٹنے والے ایک بدنام زمانہ بدمعاش کو انکاونٹر کے دوران ٹانگ میں گولی مار کر گرفتار کر لیا ہے ۔ اندھیرے کا فائدہ اٹھاکراس کے دو ساتھی موقع سے فرار ہو گئے۔ ان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر آف پولیس ویسٹ ایس ایم قاسم عابدی نے جمعرات کو بتایا کہ کل دیر رات ایک مخبر سے اطلاع ملی کہ علاقے میں تین مجرموں کو موٹر سائیکل پر سوار دیکھا گیا ہے۔ وہ کوئی واردات انجام دے سکتے ہیں، انہیں پکڑنے کے لیے تھانے کی پولیس اور کرائم برانچ نے جال بچھا کر تلاشی مہم چلائی۔ اس دوران تین نوجوانوں کو بائک پر آتے دیکھا گیا۔ جب انہیں روکا گیا توبدمعاشوں نے پولیس ٹیم پر فائرنگ کردی۔ جوابی فائرنگ میں ان کے ایک ساتھی کو ٹانگ میں گولی لگی۔ اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اس کے دو ساتھی موقع سے فرار ہوگئے۔
دوران تفتیش ملزم نے اپنا نام نیاز احمد بتایا۔ اس نے راوت پور علاقے میں چین اسنیچنگ کی واردات میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا۔ اس نے اپنے ساتھ موٹر سائیکل پر سوار شخص کی شناخت وجے کے نام سے کی، جب کہ اسے تیسرے کا نام نہیں معلوم تھا۔ تینوں شاملی ضلع کے رہنے والے ہیں۔
زخمی بدمعاش کو ابتدائی طبی امداد کے لیے کمیونٹی ہیلتھ سینٹر (سی ایچ سی ) بھیج دیا گیا۔ اس کے خلاف مختلف اضلاع اور تھانوں میں 20 سے زیادہ فوجداری مقدمات درج ہیں۔پولیس نے ملزمان سے تقریباً چار ہزار پانچ سو روپے نقدی برآمد کر لی ہے۔ مزید تفتیش جاری ہے، کیس میں مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد