طلبہ میں جدت طرازی کے فروغ کے لیے ہیکاتھون 2026 کے انعقاد کا اعلان
علی گڑھ, 21 جنوری (ہ س)۔ اے ایم یوکے طلبہ میں اختراعی صلاحیتوں کو فروغ دینے کے لیے انّوویشن کونسل و یونیورسٹی انکیوبیشن سینٹر (آئی سی اینڈ یو آئی سی) نے 7 اور 8 فروری کو دو روزہ اے ایم یو ہیکاتھون 2026 منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اے ایم یو
طلبہ میں جدت طرازی کے فروغ کے لیے ہیکاتھون 2026 کے انعقاد کا اعلان


علی گڑھ, 21 جنوری (ہ س)۔

اے ایم یوکے طلبہ میں اختراعی صلاحیتوں کو فروغ دینے کے لیے انّوویشن کونسل و یونیورسٹی انکیوبیشن سینٹر (آئی سی اینڈ یو آئی سی) نے 7 اور 8 فروری کو دو روزہ اے ایم یو ہیکاتھون 2026 منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اے ایم یو انّوویشن فاؤنڈیشن بلڈنگ (اولڈ مینجمنٹ بلڈنگ) میں منعقد ہونے والا یہ پروگرام اے ایم یو کے طلبہ کے لیے ہے، جو ایک سے پانچ اراکین پر مشتمل ٹیموں کی صورت میں شرکت کر سکتے ہیں۔ اس پروگرام کا مقصد تخلیقی سوچ، بین شعبہ جاتی اشتراک اور مسائل حل کرنے کی صلاحیتوں کو فروغ دینا ہے، تاکہ طلبہ اے ایم یو کیمپس سے متعلق حقیقی مسائل کے حل کے لیے ٹکنالوجی پر مبنی پروٹوٹائپس تیار کر سکیں۔

انّوویشن کونسل ویونیورسٹی انکیوبیشن سینٹر کے کوآرڈینیٹر پروفیسر محمد سجاد اطہر نے بتایا کہ یہ ہیکاتھون طلبہ کو آئیڈئیشن، کوڈنگ، پروٹوٹائپنگ اور پریزنٹیشن کا عملی تجربہ فراہم کرے گا، ساتھ ہی انتریپرینیئرشپ کو پروان چڑھائے گا اور کیمپس کی زندگی، سلامتی، صحت، پائیداری اور کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے عملی حل سامنے لانے میں مددگار ہوگا۔

شرکاء اے آئی پر مبنی کیمپس سیکیورٹی، اسٹوڈنٹ لائف سائیکل ڈیٹا بیس مینجمنٹ، جے این ایم سی ایچ میں ٹیسٹ رپورٹس تک آن لائن رسائی، توانائی کے تحفظ، ویسٹ مینجمنٹ اور اے ایم یو پیٹرول پمپ کے لیے ڈیجیٹل فیول مینجمنٹ جیسے موضوعات میں سے اپنی دلچسپی کے مطابق انتخاب کرسکتے ہیں۔ مقابلہ دو مرحلوں پر مشتمل ہوگا، جس میں آن لائن اسکریننگ کے بعد ماہرین کے پینل کے سامنے لائیو پرزنٹیشن دینا ہوگا۔

رجسٹریشن فیس فی ٹیم ایک ہزار روپے ہے اور رجسٹریشن کی آخری تاریخ 31 جنوری 2026 ہے۔ ہر زمرے میں پہلا مقام حاصل کرنے والی ٹیم کو دس ہزار روپے اور دوسرا مقام حاصل کرنیو الی ٹیم کو پانچ ہزار روپے بطور انعام دئے جائیں گے، جبکہ تمام شرکاء کو شرکت کی اسناد دی جائیں گی۔

مزید تفصیلات کے لیے خواہش مند طلبہ پروفیسر اکرام خان (کنوینر)، ڈاکٹر سید جاوید احمد رضوی (شریک کنوینر)، پروفیسر سید فہد انور، پروفیسر سلیم انور خان، پروفیسر نوشاد عالم یا ڈاکٹرلامے بن صابر سے رابطہ کر سکتے ہیں۔

ویب لنک https://forms.gle/nzLURwmuuxDFJtcN9 سے آن لائن رجسٹریشن کیا جاسکتا ہے۔

---------------

ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ


 rajesh pande