
جموں, 21 جنوری (ہ س)جموں و کشمیر میں ہونے والی مردم شماری کے تحت جموں و کشمیر میں ہاؤس لسٹنگ آپریشن یکم جون سے 30 جون تک انجام دیا جائے گا، جبکہ سیلف اینومریشن کا عمل فیلڈ سرگرمیوں سے 15 روز قبل شروع ہوگا۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ یہ فیصلہ منگل کو یہاں منعقدہ یونین ٹیریٹری سطح کی مردم شماری رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا، جس کی صدارت چیف سکریٹری اٹل ڈلو نے کی۔ حکام کے مطابق حکومت اس حوالے سے ضروری نوٹیفکیشن 31 جنوری تک جاری کرے گی۔
سیلف اینومریشن کے عمل کو مؤثر بنانے کے لیے فیلڈ آپریشن سے قبل 15 دن کے دوران ٹیکنیکل اسسٹنٹس اور چارج افسران کی خدمات حاصل کی جائیں گی، جو عوام کی رہنمائی کریں گے۔
اجلاس میں ڈائریکٹر مردم شماری آپریشنز، جموں و کشمیر و لداخ، امت شرما نے مردم شماری 2027 کے خدوخال اور اہم خصوصیات پر تفصیلی پریزنٹیشن دی۔ انہوں نے بتایا کہ مردم شماری 2027 بھارت کی پہلی مکمل طور پر ڈیجیٹل مردم شماری ہوگی۔
پریزنٹیشن میں سینسَس مینجمنٹ اینڈ مانیٹرنگ سسٹم شہریوں کے لیے سیلف اینومریشن کی سہولت اور ذات پر مبنی مردم شماری جیسے نئے اقدامات کو اجاگر کیا گیا۔ اس کے علاوہ مردم شماری کے مختلف مراحل، بشمول تربیت، سیلف اینومریشن، ہاؤس لسٹنگ اور آبادی کی گنتی، کے لیے تفصیلی ٹائم لائن بھی پیش کی گئی۔
فیلڈ سطح پر مؤثر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے اجلاس میں یونین ٹیریٹری، ضلع اور چارج سطح پر افرادی قوت کی جلد بھرتی کی منظوری دی گئی۔ ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت دی گئی کہ وہ ضلع سطح کے مردم شماری سیل قائم کریں اور رابطہ، تربیت و نگرانی کے لیے افسران نامزد کریں، جبکہ ماسٹر ٹرینرز، سپروائزرز اور اینومریٹرز کی بروقت شناخت کے احکامات بھی دیے گئے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سکریٹری اٹل ڈلو نے انتظامیہ اور مردم شماری ڈائریکٹوریٹ کے درمیان قریبی تال میل پر زور دیا اور تمام ڈپٹی کمشنرز کو مردم شماری کے عمل کو ہموار، درست اور بروقت بنانے کے لیے مکمل تعاون فراہم کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے اس عمل کی کامیابی کے لیے حکومت کی مکمل حمایت کا یقین بھی دلایا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر