
جموں, 02 جنوری (ہ س)۔ جموں و کشمیر پولیس نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک ویڈیو کے تناظر میں 14 روزہ ابتدائی انکوائری شروع کرنے کا حکم دیا ہے، جس میں ایک کشمیری کرکٹر کو جموں کے مٹھی علاقے کے کے سی ڈور میں کرکٹ کھیلتے ہوئے اپنے ہیلمٹ پر فلسطینی علامت آویزاں کیے دیکھا گیا۔
پولیس کے مطابق کرکٹر کی شناخت فرقان الحق ولد تجمل حسین بھٹ سکنہ تانگی پونہ، ضلع پلوامہ کے طور پر کی گئی ہے۔ معاملے کی حساس نوعیت اور امنِ عامہ پر ممکنہ اثرات کے پیش نظر پولیس اسٹیشن دومانہ میں بی این ایس کی دفعہ 173(3) کے تحت ابتدائی انکوائری درج کی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ انکوائری کے دوران واقعے سے متعلق حقائق کی تصدیق، مذکورہ اقدام کے پسِ منظر اور نیت کا جائزہ، متعلقہ فرد کے ماضی کی جانچ اور کسی بھی ممکنہ روابط یا تعلقات کی کھوج کی جائے گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر