
ریاست کے شمالی حصوں میں گھنا کوہرا چھایا رہا
بھوپال، 02 جنوری (ہ س)۔ مدھیہ پردیش میں نئے سال کی شروعات ٹھنڈ اور کوہرے کے ساتھ ہوئی۔ حالانکہ جمعرات کو تیز سردی تو نہیں رہی، لیکن ریاست کے شمالی حصوں میں 16 اضلاع میں گھنا کوہرا چھایا۔ جبکہ 5 اضلاع میں بادل چھائے رہے۔ اس دوران شہڈول کا کلیان پور اور ہل اسٹیشن پچمڑھی ریاست کے سب سے ٹھنڈے مقام رہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 3 جنوری سے ریاست میں پھر کڑاکے کی ٹھنڈ اور گھنا کوہرا دیکھنے کو ملے گا۔
جمعرات کو شیوپور، مرینا، گوالیار، بھنڈ اور دتیا میں بادل چھائے رہے۔ دتیا میں کوہرا اتنا گھنا تھا کہ ویزیبلٹی (حد نگاہ) محض 50 میٹر تک محدود رہ گئی۔ وہیں، کھجوراہو، ستنا، گوالیار، ریوا، سیدھی، بھوپال، گنا، اندور، اجین، راج گڑھ، رتلام، نرمداپورم، کھرگون، شیوپور اور دموہ میں بھی کوہرا چھایا رہا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق، 3، 4 اور 5 جنوری کو گوالیار، مرینا، بھنڈ، دتیا، نیواڑی، ٹیکم گڑھ، چھترپور، پنا، ستنا، ریوا، سیدھی اور سنگرولی میں گھنا کوہرا رہنے کے ساتھ ٹھنڈ کا اثر بھی بڑھے گا۔ کوہرے کے چلتے ریل ٹریفک متاثر ہوا ہے۔ دہلی سے آنے والی کئی ٹرینیں مسلسل 8 سے 10 گھنٹے تک لیٹ ہوئیں۔
ہل اسٹیشن پچمڑھی میں بدھ- جمعرات کی رات میں کم از کم درجہ حرارت 5.4 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔ شہڈول کے کلیان پور میں یہ 6.4 ڈگری رہا۔ شیوپوری، کھجوراہو، امرکنٹک، راج گڑھ، ریوا، نوگاوں، امریا، منڈلا، ملاج کھنڈ، ٹیکم گڑھ، دتیا، نرسنگھ پور، رائسین، چھندواڑہ اور اندور میں بھی پارہ 10 ڈگری سے نیچے رہا۔
ماہرین موسمیات کے مطابق، نومبر-دسمبر میں ریکارڈ ٹھنڈ کے بعد جنوری میں بھی ریاست میں کڑاکے کی ٹھنڈ اور کولڈ ویو (سرد لہر) کا امکان ہے۔ ویسٹرن ڈسٹربنس اور پہاڑی ریاستوں میں برف باری کے سبب ٹھنڈ کا اثر بڑھے گا۔ جیٹ اسٹریم کی رفتار جمعرات کو 222 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچی، جس سے رات کے درجہ حرارت میں گراوٹ آئی۔ اس بار صبح کے وقت گھنا کوہرا، کولڈ ڈے اور کولڈ ویو لوگوں کو عام معمولات میں پریشانی پیدا کر سکتے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن