
یوم جمہوریہ تقریبات : اے ایم یو اور ضلع پولیس انتظامیہ کے درمیان دوستانہ کرکٹ میچ کھیلا گیا
علی گڑھ، 19 جنوری (ہ س)۔ 77ویں یومِ جمہوریہ کی تقریبات کے سلسلے میں علی گڑھ پولیس انتظامیہ اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) انتظامیہ کے درمیان ایک دوستانہ کرکٹ میچ کرکٹ کلب، یونیورسٹی گیمز کمیٹی، اے ایم یو کے زیر اہتمام یونیورسٹی کے ولنگڈن کرکٹ گراؤنڈ پر کھیلا گیا۔ علی گڑھ پولیس ٹیم کے کپتان سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس مسٹر نیرج کمار جادون آئی پی ایس نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
پہلے بلے بازی کرتے ہوئے اے ایم یو انتظامیہ کی ٹیم مشکلات کا شکار رہی اور مقررہ 20 اووروں میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 94 رن ہی بنا سکی۔ ٹیبل ٹینس کوچ مسٹر نوید 11 رن کے ساتھ سب سے زیادہ اسکور کرنے والے بلے باز رہے، جبکہ پروفیسر ارشد نے 10 رن بنائے۔ علی گڑھ پولیس کی جانب سے پنکج شرما سب سے کامیاب گیند باز ثابت ہوئے جنہوں نے اپنے چار اوور میں 14 رن دے کر چار وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کا تعاقب کرنے اتری علی گڑھ پولیس ٹیم نے 12.4 اووروں میں صرف تین وکٹوں کے نقصان پر آسانی سے ہدف حاصل کر لیا۔ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس مسٹر مینک پاٹھک آئی پی ایس نے ناٹ آؤٹ شاندار 62 رن کی اننگ کھیلی، جس میں آٹھ چوکے شامل تھے۔ انھوں نے ٹیم کے لئے فتح یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ سرکل آفیسر مہیش کمار نے ان کا بھرپور ساتھ دیتے ہوئے 19 رن بنائے۔
اے ایم یو انتظامیہ کی جانب سے ریاض، لمے اور نوید نے ایک ایک وکٹ حاصل کیا۔ اے ایم یو انتظامیہ ٹیم کی قیادت پروفیسر یوسف الزماں خاں نے کی، جبکہ میچ کا افتتاح وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نے کیا۔ اس موقع پر زبردست جوش و خروش دیکھنے میں آیا اور کھیل کے جذبہ، ہم آہنگی اور یوم جمہوریہ کی خوشگوار فضا کا عکس نظر آیا۔
تقسیم انعامات تقریب میں اے ایم یو کے سابق وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور بحیثیت مہمانِ خصوصی شریک ہوئے جب کہ پرو وائس چانسلر پروفیسر محمد محسن خان مہمانِ اعزازی تھے۔
اے ایم یو رجسٹرار پروفیسر عاصم ظفر اور پراکٹر پروفیسر ایم وسیم علی بھی بطور خاص موجود تھے۔ مسٹر مینک پاٹھک آئی پی ایس کو ان کی شاندار اننگ کے لئے مین آف دی میچ اور بہترین بلے باز قرار دیا گیا، جبکہ چار وکٹیں حاصل کرنے والے پنکج شرما کو عمدہ ترین بالر قرار دیا گیا۔ بہترین فیلڈر کا ایوارڈ مہیش کمار اور دیپک کمار کو مشترکہ طور سے دیا گیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ