
ڈگری کالج ڈوڈہ کی طالبہ مبینہ طور پر لاپتہ
جموں، 17 جنوری (ہ س)۔ ضلع ڈوڈہ کے ڈگری کالج میں جاری امتحان کے دوران پیش آئے ایک واقعے کے بعد ایک طالبہ کے لاپتہ ہونے کی اطلاع نے علاقے میں تشویش پیدا کر دی ہے۔ اطلاعات کے مطابق امتحان کے دوران مبینہ طور پر نقل کے الزام میں امتحانی عملے نے ایک طالبہ کا موبائل فون ضبط کر لیا، جس کے فوراً بعد وہ ذہنی دباؤ کا شکار ہو گئی۔بعد ازاں معلوم ہوا کہ مذکورہ طالبہ صبا بانو دختر بشیر احمد سکنہ ہوتی، کاستی گڑھ، امتحان کے بعد گھر واپس نہیں پہنچی اور اس کے بعد سے لاپتہ ہے۔ اہلِ خانہ کی جانب سے اطلاع ملنے پر مقامی پولیس نے معاملے کی جانچ شروع کر دی۔
پولیس اور اہلِ خانہ کی جانب سے طالبہ کی تلاش جاری ہے، جبکہ دریائے چناب کے کناروں پر بھی تلاشی مہم چلائی جا رہی ہے۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ طالبہ نے ممکنہ طور پر انتہائی قدم اٹھایا ہو، تاہم پولیس نے اس کی تصدیق نہیں کی ہے۔پولیس حکام کے مطابق واقعے کے تمام پہلوؤں سے تفتیش کی جا رہی ہے اور طالبہ کا سراغ لگانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر