

مظفر پور، 15 جنوری (ہ س)۔ بہار کے مظفر پور میں ایک خاتون اور اس کے تین بچوں کی لاشیں ملی ہیں۔ چاروں لاشیں جمعرات کے روز اہیا پور تھانہ علاقے میں چندواڑہ پل کے قریب گندک ندی سے برآمد ہوئیں۔ متوفی خاتون اور اس کے بچے گزشتہ چار روز سے لاپتہ تھے۔
اہیا پور تھانہ کی پولیس واقعہ کی تحقیقات کر رہی ہے۔ فرانزک جانچ کے لیے فرانزک ٹیم کو بلایا گیا ہے۔ متوفی خاتون کی شناخت آٹو ڈرائیور کرشنا موہن کی بیوی ممتا کے طور پر کی گئی ہے۔ ممتا کچھ دن پہلے اپنے تین بچوں کے ساتھ گھر سے اچانک غائب ہو گئی تھی جس کے بعد ان کے شوہر نے اہیا پور تھانہ میں گمشدگی کی شکایت درج کرائی تھی۔
متاثرہ کے شوہر کرشنا موہن نے بتایا کہ وہ کام پر گیا ہوا تھا جب کہ اس کی بیوی بچوں کے ساتھ گھر سے نکل گئی۔ دیر شام تک جب وہ واپس نہ آئی تو آس پاس کے علاقے میں اس کی مکمل تلاش کی گئی لیکن کوئی سراغ نہیں ملا۔ اہل خانہ کے مطابق ممتا کسی کو بتائے بغیر گھر سے چلی گئی اور اپنے ساتھ کوئی ضروری سامان نہیں لے گئی۔
اہل خانہ کو شبہ ہے کہ ممتا اور اس کے بچوں کو اغوا کرکے قتل کیا گیا ہے۔حالانکہ پولیس معاملے کی تمام پہلوؤں سے تفتیش کر رہی ہے۔
مظفر پور کے سینئرسپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) کانتیش مشرا نے بتایا کہ تمام لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔ رپورٹ آنے کے بعد ہی موت کی اصل وجہ سامنے آئے گی۔ فی الحال مکمل تفتیش جاری ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan