
کٹھوعہ میں مشتبہ سرگرمیوں کے بعد ڈی آئی جی کی قیادت میں سرچ آپریشن شروع
جموں، 15 جنوری (ہ س)۔ کٹھوعہ میں مشتبہ سرگرمیوں کی مصدقہ اطلاع کے بعد جے ایس کے رینج کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس شیو کمار کی قیادت میں فوج اور سی آر پی ایف کے تعاون سے ضلع کٹھوعہ کے مختلف حساس علاقوں میں مشترکہ تلاشی آپریشن شروع کیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق دو مشتبہ افراد کی موجودگی کی خبر ملنے پر جاکھولے اور سگھروں دیہات کو خصوصی طور پر تلاشی مہم کا مرکز بنایا گیا۔ اس دوران سیکورٹی فورسز نے صفّین علاقے کے جاکھولے راستے، سنگانو کے جنگلاتی علاقوں، چنگارا اور منمل پولیس چوکیوں کے دائرہ اختیار میں آنے والے مقامات سمیت ملحقہ علاقوں کی باریک بینی سے جانچ کی۔
آپریشن کے دوران ڈی آئی جی کے ہمراہ ضلع کٹھوعہ کی سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس موہیتا شرما اور دیگر اعلیٰ پولیس افسران بھی موجود رہے۔ادھر ایک علیحدہ کارروائی میں بلور علاقے کے نازوت گاؤں کے جنگلاتی خطے میں بھی فوج اور سی آر پی ایف کے اشتراک سے منظم تلاشی آپریشن انجام دیا گیا، جس کے تحت آس پاس کے علاقوں کی بھی مرحلہ وار اور تفصیلی تلاشی لی گئی۔
ڈی آئی جی جے ایس کے رینج نے اس موقع پر وی ڈی جی کو اپنے اپنے علاقوں میں مزید چوکسی اختیار کرنے کی ہدایت دی، جبکہ عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ سیکورٹی فورسز کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔ مقامی لوگوں کو تاکید کی گئی کہ کسی بھی مشتبہ سرگرمی یا سیکورٹی سے متعلق معلومات کی فوری طور پر قریبی پولیس اسٹیشن کو اطلاع دیں۔سیکورٹی حکام کے مطابق یہ تلاشی آپریشن علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے اور عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے احتیاطی اقدام کے طور پر جاری رکھا گیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر