
جموں, 15 جنوری (ہ س)جموں و کشمیر حکومت وادی کو فلم سازی کے لیے ایک پرکشش مرکز بنانے کی بھرپور کوشش کر رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جمعرات کو کہا کہ اس مقصد کے لیے مقامی سطح پر مضبوط انفراسٹرکچر اور انسانی صلاحیتوں کی تیاری ناگزیر ہے۔ممبئی میں قائم انڈین انسٹی ٹیوٹ آف کری ایٹو ٹیکنالوجیز کے دورے کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اگر جموں و کشمیر کو فلم سازی کے لیے دوبارہ پرکشش بنانا ہے تو پوسٹ پروڈکشن، ایڈیٹنگ، ساؤنڈ اور لائٹنگ جیسے شعبوں میں مقامی صلاحیت پیدا کرنا ضروری ہے، جس کے لیے آئی آئی سی ٹی جیسے اداروں کے ساتھ شراکت داری انتہائی اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم جموں و کشمیر میں دوبارہ فلم سازی کو فروغ دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اگر ہمیں فلم انڈسٹری کو بحال کرنا ہے تو انسانی وسائل اور تکنیکی صلاحیتیں مقامی طور پر تیار کرنا ہوں گی۔وزیر اعلیٰ نے نیشنل فلم ڈیولپمنٹ کارپوریشن ممبئی میں واقع آئی آئی سی ٹی کیمپس کا دورہ کیا، جہاں جموں و کشمیر حکومت اور ادارے کے درمیان تعلیمی تعاون اور طلبہ کے تبادلے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ آئی آئی سی ٹی اور این ایف ڈی سی کے ساتھ ایک باضابطہ تعلق قائم کیا جا رہا ہے تاکہ جموں و کشمیر کے طلبہ یہاں آ کر پوسٹ پروڈکشن، ایڈیٹنگ، ساؤنڈ اور لائٹنگ کے جدید طریقے سیکھ سکیں۔
عمر عبداللہ نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں آئی آئی سی ٹی کے کے تحت جموں و کشمیر میں بھی ایک سیٹلائٹ کیمپس قائم ہو سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ آئی آئی سی ٹی نے قلیل مدت میں شاندار انفراسٹرکچر تیار کیا ہے اور اگر ایسی ہی سہولیات جموں و کشمیر میں دستیاب ہوں تو اس سے نہ صرف فلم سازی کی لاگت میں کمی آئے گی بلکہ مقامی نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔قابل ذکر ہے کہ آئی آئی سی ٹی اینیمیشن، وی ایف ایکس، گیمنگ، کامکس اور ایکسٹینڈڈ ریئلٹی کے شعبے میں بھارت کا اہم ادارہ ہے، جسے وزارت اطلاعات و نشریات، حکومت مہاراشٹر اور صنعت کے بڑے اداروں فِکّی اور سی آئی آئی کی معاونت حاصل ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر