
ڈی سی کشتواڑ نے دو پٹواریوں کی تنخواہیں روکنے کا حکم جاری کیا
جموں، 15 جنوری (ہ س)۔ ڈپٹی کمشنر کشتواڑ نے جمعبندیوں کی ڈیجیٹائزیشن کے عمل میں غیر تسلی بخش کارکردگی پر سخت کارروائی کرتے ہوئے دو پٹواریوں کی تنخواہیں روکنے کے احکامات صادر کیے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر کے دفتر سے جاری سرکاری حکم نامے میں پٹواری حلقہ چنجر کے نثار احمد بیگ اور پٹواری حلقہ دہرنا کے جاوید اقبال کے خلاف یہ کارروائی کی گئی ہے۔
حکم نامے میں واضح کیا گیا ہے کہ مذکورہ اہلکاروں کی کارکردگی جمعبندیوں کی ڈیجیٹائزیشن میں توقعات پر پوری نہیں اتری، جس کے پیش نظر نظم و ضبط قائم رکھنے، جوابدہی کو یقینی بنانے اور عوامی مفاد میں سرکاری خدمات کے مؤثر استعمال کے لیے یہ فیصلہ لیا گیا۔
احکامات کے مطابق دونوں پٹواریوں کی تنخواہیں آئندہ احکامات تک معطل رہیں گی۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی ہے کہ اس فیصلے پر فوری اور سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر