
ٹھاکرے اتحاد پر فڑنویس کا جواب ، شیواجی پارک میں سیاسی محاذ آرائی ، مہایوتی کی شفاف حکمرانی کا دعویٰممبئی، 13 جنوری (ہ س)۔
بریہن ممبئی میونسپل کارپوریشن انتخابات سے قبل مہاراشٹر کی سیاست میں شدت آ گئی ہے۔ اسی پس منظر میں وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے شیواجی پارک میں منعقدہ مہایوتی ریلی کے دوران ادھو ٹھاکرے اور راج ٹھاکرے کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ یہ ریلی اس کے ایک دن بعد منعقد ہوئی جب دونوں ٹھاکرے کزنز نے اسی مقام پر مشترکہ جلسہ کر کے اپنے سیاسی اتحاد کا اظہار کیا تھا۔وزیر اعلیٰ فڑنویس نے خطاب میں اپوزیشن کے اس دعوے کو رد کر دیا کہ ممبئی میں مراٹھی بولنے والوں کی سلامتی خطرے میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ بلدیاتی الیکشن مراٹھی شناخت کی تحریک نہیں بلکہ ٹھاکرے خاندان کی سیاسی بقا کی کوشش ہے۔ ان کے مطابق جذباتی نعروں کے ذریعے عوام کو اصل انتظامی ناکامیوں سے دور رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔انہوں نے بریہن ممبئی میونسپل کارپوریشن پر تقریباً تیس برس تک حکمرانی کرنے والوں سے سوال کیا کہ اس مدت میں مراٹھی سماج کے لیے کون سے بنیادی اور پائیدار فیصلے کیے گئے۔ فڑنویس نے کہا کہ طویل عرصے تک اقتدار میں رہنے کے باوجود آج وہی مسائل دوبارہ عوام کے سامنے لائے جا رہے ہیں۔وزیر اعلیٰ نے ادھو اور راج ٹھاکرے کے اچانک اتحاد کو موقع پرستانہ قرار دیتے ہوئے ریلی میں ایسے پرانے ویڈیوز دکھائے جن میں دونوں ایک دوسرے کے سخت ناقد دکھائی دیتے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ 25 سال تک شہری انتظامیہ پر قابض رہنے کے باوجود مراٹھی مفادات کا تحفظ نہیں کیا گیا اور اب ووٹ حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔مہایوتی کی اس ریلی میں نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے اور مرکزی وزیر رام داس اٹھاولے نے بھی شرکت کی۔ ایکناتھ شندے نے کہا کہ مہایوتی اتحاد شفاف انتظامیہ اور ممبئی میں مہایوتی میئر کے قیام کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ اپوزیشن قیادت ذاتی فائدے کی سیاست میں مصروف ہے، جبکہ مہایوتی بالاصاحب ٹھاکرے کے ترقی یافتہ ممبئی کے خواب کو عملی شکل دینے کے لیے کوشاں ہے۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / جاوید این اے