ابوجا (نائیجیریا)، 7 ستمبر (ہ س)۔ بوکو حرام کے دہشت گردوں نے شمال مشرقی نائجیریا کے ایک گاوں دارالجمال میں ایک بڑا حملہ کیا جس میں درجنوں افراد ہلاک ہو گئے۔ اس گاوں میں حال ہی میں بے گھر افراد کو آباد کیا گیا تھا۔ بورنو ریاست کے گورنر باباگانا زولوم نے ہفتہ کی دیر شام واقعے کی جگہ کا دورہ کیا اور دہشت گردانہ حملے میں 63 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی۔ حملے میں بڑی تعداد میں لوگ زخمی ہوئے اور بڑی تعداد میں لوگ اپنی جان بچاکر بھاگنے میں کامیاب رہے۔
ڈیلی ٹرسٹ کے مطابق بوکو حرام کے مشتبہ دہشت گردوں نے ریاست بورنو کے دارالجمال میں درجنوں شہریوں اور ایک نامعلوم تعداد میں فوجیوں کو ہلاک کر دیا۔ حملے میں بڑی تعداد میں لوگ زخمی ہوئے۔ حملہ آوروں نے لوگوں کو بے دردی سے قتل کیا اور گھروں کو آگ لگا دی۔ حملے کے دوران کئی لوگوں نے وہاں سے بھاگ کر اپنی جان بچائی۔
یہ واقعہ جمعہ کو مقامی وقت کے مطابق رات 9 بجے کے قریب پیش آیا۔ بورنو ریاست کے گورنر باباگانا عمرا زولوم نے ہفتے کے روز دارالجمال کا دورہ کیا اور بوکو حرام کے عسکریت پسندوں کے ہاتھوں ہلاک ہونے والے 63 افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔
ہلاک ہونے والوں میں پانچ فوجی اور تقریباً 58 شہری شامل ہیں۔ ان سب کو پہلے باغیوں نے بے گھر کر دیا تھا لیکن دو ماہ قبل دارالجمال واپس آ گئے تھے۔ ریاستی گورنر عمرا زولوم نے واقعے میں 63 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں کو تسلی دی۔ انہوں نے کمیونٹی رہنماوں سے ملاقات کی اور کہا کہ یہ بہت افسوسناک ہے۔ یہ کمیونٹی چند ماہ قبل ہی آباد ہوئی تھی اور اپنی معمول کی سرگرمیاں انجام دے رہی تھی لیکن بدقسمتی سے انہیں گزشتہ رات بوکو حرام کے حملے کا سامنا کرنا پڑا۔
قابل ذکر ہے کہ نائیجیریا کے مقامی عسکریت پسندوں نے سال 2009 میں بوکو حرام کی بنیاد رکھی تھی۔اس تنظیم کا مقصد مغربی تعلیم کی مخالفت کرتے ہوئے ایک بنیاد پرست اسلامی نظام نافذ کرنا تھا۔ اس مقصد کے لیے تنظیم کے دہشت گرد درجنوں وحشیانہ وارداتیں کر کے دہشت پھیلائی۔ سال 2021 میں بوکو حرام کے بدنام زمانہ رہنما ابوبکر شیکاو کی ہلاکت کے بعد تنظیم دو حصوں میں بٹ گئی۔ ایک دھڑا اسلامک اسٹیٹ گروپ سے وابستہ ہے اور اسے اسلامی ریاست مغربی افریقہ صوبہ (آئی ایس ڈبلیو اے پی) کے نام سے جانا جاتا ہے۔ یہ دھڑا عموماً فوج پر حملے کرتا ہے۔ دوسرا دھڑا جماعت اہل سنت لدّواتی والجہاد (جے اے ایس) شہریوں کو نشانہ بناتا ہے اور تاوان اور لوٹ پاٹ کی وارداتیں کرتا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن