نئی دہلی، 6 ستمبر(ہ س)۔ آپ سب بہ خوبی واقف ہیں کہ حالیہ دنوں میں دہلی، پنجاب، ہماچل پردیش، جموں وکشمیر اور ملک کے بعض دیگر علاقوں میں شدید بارشوں کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر سیلاب نے تباہی مچائی ہے۔ مکانات، دکانیں، کھیت اور زندگی کی بنیادی ضروریات سب کچھ متاثر ہوئے ہیں۔ بڑی تعداد میں ہمارے بھائی بہن اور بچے بے سہارا اور بے یار و مددگار ہوچکے ہیں۔ایسے نازک موقع پر ہماری دینی و اخلاقی ذمہ داری ہے کہ ہم اپنی استطاعت کے مطابق بڑھ چڑھ کر ان متاثرین کی مدد کریں۔ قرآن کریم اور سنتِ نبوی ہمیں ایثار، قربانی اور مصیبت کے وقت ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہونے کی تعلیم دیتے ہیں۔ اللہ کے آخری نبی حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا تھا:
(تم لوگ زمین والوں پر رحم کرو، آسمان والا تم پر رحم کرے گا.)
حضرت مولانا انیس الرحمن قاسمی صاحب، کارگزار صدر آل انڈیا ملّی کونسل اور ڈاکٹر محمد منظور عالم صاحب، جنرل سکریٹری آل انڈیا ملّی کونسل نے تمام مرکزی، صوبائی ومقامی ذمے داران اور عام مسلمانوں سے پ±رزور اپیل کی ہے کہ اپنے اپنے علاقوں میں حتیٰ الامکان ریلیف کمیٹیاں تشکیل دیں۔ ضرورت کے سامان (کھانے پینے کی اشیائ ، کپڑے، ادویات، کمبل وغیرہ) کی فراہمی کا انتظام کریں۔ مقامی سطح پر رضاکاروں کو متحرک کریں اور متاثرہ علاقوں تک امداد پہنچانے کی فوری تدابیر اختیار کریں۔اس مہم میں ہر سطح پر امانت و شفافیت کا اہتمام کریں اور اصل مستحقین تک امداد پہنچانے کو یقینی بنائیں۔امید ہے کہ آپ سب اس اپیل پر توجہ فرمائیں گے اور اپنی ذمے داری کو محسوس کرتے ہوئے اس کارِ خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے۔اللہ تعالیٰ ہمیں اس خدمتِ خلق کی توفیق دے اور اس عمل کو ہمارے لیے ذریعہ نجات بنائے۔ آمین۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Md Owais Owais