لتی ڈیم حادثے میں دیونتی کی زندگی اجڑ گئی، ماں، بھابھی اور چھوٹی بھانجی سمیت چھ افراد بہہ گئے
بلرام پور، 4 ستمبر (ہ س)۔ چھتیس گڑھ کے بلرام پور ضلع کے دھنیش پور گاوں میں منگل کی رات لتی ڈیم ٹوٹنے سے کئی لوگوں کی زندگی اجڑگئی۔ لوگ اس حادثے میں اپنے پیاروں کو ہمیشہ کے لیے کھو بیٹھے۔ اپنے پیاروں کو کھونے والوں کا رو رو کر برا حال ہے۔ یہ حادثہ ان لوگوں پر قہر بن کر ٹوٹا۔ ڈیم ٹوٹنے سے یکایک ڈیم کا پانی پوری رفتار سے لوگوں کو گھر سمیت اکھاڑ کر اپنے ساتھ بہا لے گیا۔ حادثے کے عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ہم نے اپنی زندگی میں ایسی تباہی کا منظر کبھی نہیں دیکھا۔
یہ حادثہ کئی خاندانوں کے لیے ایک ناقابل فراموش غم چھوڑ گیا۔ حادثے میں اپنے پورے خاندان کو کھونے والی دیونتی کماری نے ہندوستھان سماچار کو بتایا کہ ان کا گھر لتی ڈیم کے قریب اور نالے سے ملحق تھا، یہ اب مکمل طور پر بہہ گیا ہے۔ اس نے اس حادثے میں اپنی ماں بتاسیا سنگھ، بھابھی چنتا سنگھ، چھوٹی بھابھی راجنتی سنگھ، بہن کی چھوٹی بیٹی پریا کو ہمیشہ کے لیے کھو دیا ہے۔ جبکہ اس کا بھتیجا اور بھتیجی کارتک اور وندنا ابھی تک لاپتہ ہیں۔ اس کے والد شری رام ورکشا اس حادثے میں زخمی ہو گئے جو بلرام پور ڈسٹرکٹ اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ اس کے دو بھائی ہیں جو ذریعہ معاش کے لیے دوسری ریاست گئے ہوئے ہیں۔
دیونتی کا خاندان بہت غریب تھا۔ حادثے سے پہلے ہر کوئی خوش و خرم زندگی گزار رہا تھا۔ دیونتی بلرام پور میں یومیہ اجرت پر کام کرتی تھی۔ دیونتی ہر روز دھنیش پور میں واقع اپنے گھر سے بلرام پور جاتی تھی۔ حادثے کے دن وہ بلرام پور میں کسی کام میں پھنس گئی۔ جس کی وجہ سے وہ رات 10.30 کے قریب دیر سے گھر پہنچی۔ اس وقت تک اس نے جو کچھ دیکھا اسے یقین نہیں ہوا۔
دیونتی بتاتی ہے کہ چاروں طرف اندھیرا اور چیخ و پکار تھی۔ ڈیم ٹوٹنے کی وجہ سے منظر خوفناک تھا۔ منظر دیکھ کر رونگٹے کھڑے ہوگئے تھے۔ چاروں طرف تباہی ہی تباہی تھی۔ ڈیم کا پانی لوگوں پر قہر بن کر ٹوٹا تھا۔ دیونتی بتاتی ہے کہ جیسے ہی انتظامیہ اور عوامی نمائندوں کو خبر ملی، وہ فوراً ہماری مدد کو پہنچے اور بچاو آپریشن شروع کیا۔ دیر رات پتہ چلا کہ ہمارا گھر بھی سیلاب کی زد میں آ گیا ہے۔ صرف والد کسی طرح اپنی جان بچاسکے لیکن وہ بھی زخمی ہو گئے۔ باقی سب لوگ سیلاب میں بہہ گئے۔ بدھ کی صبح پولیس انتظامیہ نے چار لاشیں برآمد کیں۔ ان میں ماں بتاسیا سنگھ، بھابھی چنتا سنگھ، چھوٹی بھابھی راجنتی سنگھ، بہن کی بیٹی پریا شامل ہیں۔ جبکہ ان کا بھتیجا اور بھتیجی کارتک اور وندنا ابھی تک لاپتہ ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن