نئی دہلی، 4 ستمبر (ہ س)۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے اقتصادی اصلاحات کو ایک نئی سمت دینے کے مقصد سے جی ایس ٹی کی شرحوں میں تبدیلی سے متعلق جی ایس ٹی کونسل کے فیصلوں پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ اس سے قبل جی ایس ٹی کونسل نے 12 اور 28 فیصد کے سلیب کو ختم کرنے کے فیصلے کو متفقہ طور پر منظور کر لیا۔
اس بارے میں وزیر اعظم مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ اپنی یوم آزادی کی تقریر کے دوران انہوں نے جی ایس ٹی میں اصلاحات کی بات کی تھی۔ جی ایس ٹی کی شرح میں تبدیلی سے عام آدمی، کسانوں اور متوسط طبقے کو براہ راست فائدہ پہنچے گا۔ یہ فیصلہ مہنگائی سے نبرد آزما عام لوگوں کے لیے راحت اور معیشت کو مضبوط کرنے کے لیے ایک قدم ثابت ہو سکتا ہے۔
اپنی پوسٹ میں انہوں نے لکھا کہ عام لوگوں کی زندگی کو آسان بنانے اور معیشت کو مضبوط بنانے کے مقصد سے مرکزی حکومت نے جی ایس ٹی کی شرحوں کو معقول بنانے کے لیے ایک تفصیلی مسودہ تیار کیا ہے۔ انہوں نے خوشی کا اظہار کیا کہ مرکز اور ریاستوں کی جی ایس ٹی کونسل نے جی ایس ٹی کی شرحوں میں کمی اور اصلاحات سے متعلق مرکزی حکومت کے مسودے کو اجتماعی منظوری دی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد