جموں و کشمیر میں شدید بارش کی وجہ سے زمینی رابطہ منقطع
جموں و کشمیر میں شدید بارش کی وجہ سے زمینی رابطہ منقطع جموں، 4 ستمبر (ہ س)۔ جموں و کشمیر میں مسلسل بارش کے باعث خطے کی زمینی راہیں ایک بار پھر بند ہو گئیں اور کشمیر وادی کا ملک کے باقی حصوں سے رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔ جموں-سرینگر قومی شاہراہ سمیت مغ
JKNH


جموں و کشمیر میں شدید بارش کی وجہ سے زمینی رابطہ منقطع

جموں، 4 ستمبر (ہ س)۔ جموں و کشمیر میں مسلسل بارش کے باعث خطے کی زمینی راہیں ایک بار پھر بند ہو گئیں اور کشمیر وادی کا ملک کے باقی حصوں سے رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔ جموں-سرینگر قومی شاہراہ سمیت مغل روڈ، سنتھن-اننت ناگ روڈ، جموں-پونچھ شاہراہ اور بٹوت-ڈوڈہ-کشتواڑ شاہراہ پر لینڈ سلائیڈز، مٹی کے تودے اور سڑکوں کے حصے بہہ جانے کے باعث ٹریفک کی نقل و حرکت مکمل طور پر معطل ہے۔

اہم شاہراہوں کی بندش سے 26 اگست کے بعد سے اب تک ساڑھے تین ہزار سے زائد گاڑیاں کٹھوعہ سے وادی تک مختلف مقامات پر پھنس کر رہ گئی ہیں۔ اگرچہ پیر کو عارضی طور پر کچھ راستے کھول کر پھنسی ہوئی گاڑیوں کو نکالا گیا تھا، تاہم تازہ لینڈ سلائیڈز کے بعد ایک بار پھر تمام اہم راستے بند کر دیے گئے ہیں۔

ٹریفک پولیس کے مطابق جموں سے سرینگر کی جانب گاڑیوں کو ادھمپور کے جکھینی سے آگے جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔ اسی طرح نگروٹہ سے ریاسی، چنینی، پتنی ٹاپ، ڈوڈہ، رامبن، بانہال اور سرینگر کی طرف کوئی گاڑی نہیں جا سکتی۔ کٹرا اور ادھمپور کے مقامی افراد کو شناختی کارڈ دکھا کر محدود نقل و حرکت کی اجازت دی گئی ہے۔

سب سے زیادہ متاثرہ علاقے رامبن-بانہال سیکٹر کے شلگڑی، ناچلانہ، پنتھیال، مروگ اور پیڑہ ہیں، جہاں سڑک کے بڑے حصے اور حفاظتی دیواریں بہہ چکی ہیں، جبکہ ایک بھاری لینڈ سلائیڈ پیڑہ ٹنل کے ایک حصے میں داخل ہو گئی ہے۔ ادھمپور سیکٹر میں بھی جکھینی سے دیول تک تقریباً دس کلومیٹر سڑک شدید طور پر متاثر ہے۔

شاہراہ کی بندش سے ساڑھے تین ہزار سے زائد گاڑیاں مختلف مقامات پر پھنسی ہوئی ہیں۔جموں-راجوری-پونچھ شاہراہ پر چوکی چورا کے نزدیک چار سو سے زائد گاڑیاں رکی ہوئی ہیں۔

بٹوت-ڈوڈہ-کشتواڑ شاہراہ پر پل ڈوڈہ کے مقام پر دو سو سے زائد گاڑیاں پھنس گئی ہیں۔ حکام کے مطابق وادی کی بیرونی دنیا سے واحد رسائی اس وقت فضائی پروازوں اور کٹرا تا سرینگر ریلوے لائن کے ذریعے قائم ہے۔ تاہم زمینی رابطے منقطع ہونے سے ضروری اشیاء کی فراہمی، مسافروں کی آمد و رفت اور تجارتی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہو گئی ہیں۔

ادھر کٹھوعہ، راجوری، ڈوڈہ، کشتواڑ، رامبن اور ریاسی اضلاع کی متعدد اندرونی سڑکیں بھی مسلسل بارشوں اور بھاری پتھر گرنے کے باعث بند پڑی ہیں۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / محمد اصغر


 rajesh pande