نائب وزیر اعلی نے تھرڈ میں قومی شاہراہ کا جائزہ لیا
جموں، 20 ستمبر (ہ س)۔ جموں و کشمیر کے نائب وزیراعلیٰ سریندر چودھری نے جموں۔سرینگر قومی شاہراہ پر تھرڈ علاقے کا دورہ کرکے بحالی و مرمتی کاموں کا موقع پر جائزہ لیا۔ اس موقع پر نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا (این ایچ اے آئی) کے ریجنل آفیسر آر ایس یادو نے نائب وزیراعلیٰ کو کام کی رفتار اور پیش رفت کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی۔
انہوں نے بتایا کہ شاہراہ کی توسیع کے ساتھ ساتھ دوسری لین کی مرمت اور مضبوطی کا کام تیزی سے جاری ہے، جبکہ سڑک پر ڈبلیو بی ایم (پختہ تہہ) بچھائی جا رہی ہے تاکہ ٹریفک کی روانی اور شاہراہ کی پائیداری کو یقینی بنایا جا سکے۔ نائب وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ بحالی کے عمل میں مزید تیزی لائی جائے تاکہ عوام اور مسافروں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے واضح کیا کہ افرادی قوت اور مشینری کو دوہری شفٹوں میں استعمال کرتے ہوئے کام کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ قومی شاہراہ پر محفوظ، آرام دہ اور بلا رکاوٹ آمدورفت کی بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ سریندر چودھری نے این ایچ اے آئی کے ریجنل آفیسر اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی محنت سے بحالی کے کاموں میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔
اس دوران نائب وزیراعلیٰ نے شاہراہ پر پھنسے ہوئے گاڑیوں کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا اور ہدایت دی کہ ان کی بلا تعطل آمدورفت کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔
بعد ازاں انہوں نے تھرڈ کے مقامی باشندوں سے ملاقات کی، ان کے مسائل اور گھروں کو پہنچنے والے نقصانات کے حوالے سے شکایات سنیں اور انہیں یقین دلایا کہ حکومت متاثرہ خاندانوں کو معاوضہ دینے اور ان کی بازآبادکاری کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر