سرینگر 20 ستمبر(ہ س )۔ بی جے پی کے سینئر لیڈر رویندر رینا نے آج فروٹ منڈی شوپیاں کا دورہ کیا۔ ان کے ساتھ ضلعی ایگزیکٹو آفیسر وقف بورڈ شوپیان جاوید قادری اور بی جے پی ضلع شوپیاں کے صدر راجہ وسیم بھی تھے۔ دورے کے دوران، رینا نے پھلوں کے کاشتکاروں، اور فروٹ ایسوسی ایشن کے صدر اور اس کے اراکین سے بات چیت کی۔ صدر محمد اشرف وانی نے انہیں قومی شاہراہ اور مغل روڈ کی بندش کی وجہ سے کاشتکاروں کو ہونے والے حالیہ نقصانات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے وضاحت کی کہ بڑی تعداد میں پھلوں سے لدے ٹرک پھنسے ہوئے ہیں جس کے نتیجے میں پیداوار کو کافی نقصان پہنچا ہے۔رینا نے کاشتکاروں کو یقین دلایا کہ وہ اس معاملے کو حکومت اور لیفٹیننٹ گورنر کے ساتھ اٹھائیں گے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پھلوں کے تاجروں اور کاشتکاروں کو جن کا اس سال نقصان ہوا ہے انہیں کسان کریڈٹ کارڈ اسکیم کے تحت ریلیف فراہم کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے مختلف منڈیوں میں نقصانات کا تخمینہ لگانے اور متاثرہ کاشتکاروں اور تاجروں کے لیے مناسب معاوضے کو یقینی بنانے کے لیے ایک سروے ٹیم تشکیل دینے کا بھی مطالبہ کیا۔ انہوں نے حکومت پر مزید زور دیا کہ وہ منڈیوں میں پڑے پھلوں کو نکالنے میں تیزی لائے اور مزید نقصانات کو روکنے کے لیے اس کی بیرونی منڈیوں تک بروقت نقل و حمل کو یقینی بنائے۔ رینا نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ایل جی کی زیرقیادت انتظامیہ کو باغبانی کے شعبے کے بہترین مفاد میں کسانوں پر مبنی فیصلوں کو ترجیح دینی چاہیے۔اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے رینانے عوام کو یقین دلایا کہ بی جے پی حکومت کسان برادری کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو بھی اقدامات درکار ہوں گے وہ کئے جائیں گے اور تمام فیصلے کسانوں کے حق میں کئے جائیں گے جن کا نقصان ہوا ہے ان کی تلافی کی جائے گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Aftab Ahmad Mir