علی گڑھ, 20 ستمبر (ہ س)۔
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ غیر ملکی زبانوں کے جرمن سیکشن نے جرمنی میں تعلیم کے موضوع پر ایک خطبہ اور آن سیٹ ڈاڈ اسکالرشپ ٹسٹ کا اہتمام کیا،جس سے طلبہ کو جرمنی میں تعلیمی زندگی کے بارے میں بین ثقافتی بصیرت حاصل کرنے اور آن سیٹ ٹیسٹ میں شریک ہونے کا موقع ملا، جو جرمنی میں یونیورسٹی سمر کورسیز میں داخلہ کی خاطر ڈاڈ اسکالرشپ کی درخواست دینے کے لئے لازمی ہے۔
اپنے افتتاحی خطاب میں پروفیسر آفتاب عالم، ڈین، فیکلٹی آف انٹرنیشنل اسٹڈیز اور چیئرمین، شعبہ غیرملکی زبانیں نے یوروپ اور ہندوستان میں طلبہ کی طرز زندگی اور استاد و طالب علم کے تعلقات کے درمیان فرق پر روشنی ڈالتے ہوئے برطانیہ میں بطور طالب علم اپنے تجربات بیان کئے۔ انھوں نے بین ثقافتی تعلیمی ماحول سے مطابقت پیدا کرنے کی اہمیت بھی واضح کی۔
بائرن، جرمنی سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر مائیکل اسٹیڈلر نے، جو اس وقت جواہر لعل نہرو یونیورسٹی، نئی دہلی میں ڈاڈ لیکچرر کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں،”جرمنی میں طلبہ کی زندگی: ایک بین ثقافتی تناظر“ موضوع پر گفتگو کی۔ انھوں نے بین الاقوامی طلبہ کے لیے چیلنجز اور مواقع دونوں کو اجاگر کرتے ہوئے، جرمنی میں تعلیم حاصل کرنے کے علمی، ثقافتی، اور سماجی پہلوؤں کے بارے میں بصیرت فراہم کی۔
جرمن کے اسسٹنٹ پروفیسر جناب سید سلمان عباس نے مہمان مقرر کا خیرمقدم کیا اور طلبہ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے ذہنی افق کو وسیع کرنے کے لیے اسکالرشپ کے مواقع سے استفادہ کریں۔
سیشن کی نظامت ڈاکٹر سبیر پی ایم نے کی، اور ڈاکٹر سمن سنگھ نے شکریہ کے کلمات ادا کئے۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ