انگلس دورہ نیوزی لینڈ سے باہر، کیری اسکواڈ میں شامل
میلبورن، 19 ستمبر (ہ س)۔ آسٹریلیائی وکٹ کیپر بلے باز جوش انگلس پنڈلی کی انجری کے باعث نیوزی لینڈ کے خلاف تین میچوں کی ٹی 20 انٹرنیشنل سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔ ان کے متبادل کے طور پر ایلکس کیری کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق انگلس کو منگل کو پرتھ میں رننگ سیشن کے دوران داہنی پنڈلی میں تناو آ گیا۔ اسکین کے بعد وہ سیریز سے باہر ہو گئے، یہ مقابلے 1، 3 اور 4 اکتوبر کو ماونٹ مونگانوئی میں کھیلے جائیں گے۔
انگلس سیریز سے باہر ہونے والے آسٹریلیا کے چوتھے بڑے کھلاڑی ہیں۔ اس سے قبل پیٹ کمنز (کمر کی چوٹ)، کیمرون گرین (شیفیلڈ شیلڈ کی تیاری) اور ناتھن ایلس (اپنے پہلے بچے کی پیدائش کی وجہ سے) بھی دستیاب نہیں تھے۔ پچھلے نو مہینوں میں انگلش کو دوسری مرتبہ پنڈلی کی چوٹ لگی ہے۔ وہ دسمبر 2024 میں ہندوستان کے خلاف باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے دوران بھی انجری کا شکار ہوگئے تھے، جس کی وجہ سے انہیں بگ بیش لیگ کے بقیہ سیزن سے محروم ہونا پڑا۔ حالانکہ توقع ہے کہ وہ ہندوستان کے خلاف 19 اکتوبر سے شروع ہونے والی ون ڈے سیریز کے لیے فٹ ہو جائیں گے۔
یہ چوٹ آسٹریلیائی سلیکٹرز کے لیے ایک مسئلہ ہے، کیونکہ ابتدائی 14 رکنی اسکواڈ میں متبادل وکٹ کیپر شامل نہیں تھا۔ کیری اب اپنے شیلڈ سیزن کا حصہ محدود طور پر ہی بن پائیں گے، کیونکہ انہیں ون ڈے اور ٹیسٹ سیریز سے قبل ٹیم کے ساتھ رہنا ہوگا۔ ٹی 20 فارمیٹ میں کیری کا ریکارڈ کچھ خاص متاثر کن نہیں رہا ہے لیکن انہوں نے حال ہی میں کیرنز میں جنوبی افریقہ کے خلاف انگلس کی غیر موجودگی میں وکٹ کیپر کا کردار ادا کیا تھا۔
آسٹریلیا کے سلیکشن کے مسائل آئندہ ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے لیے بھی تشویش کا باعث بن سکتے ہیں، کیونکہ آئی سی سی کے قوانین صرف 15 کھلاڑیوں کو منتخب کرنے کی اجازت دیتے ہیں اور کسی زخمی کھلاڑی کو صرف اس صورت میں تبدیل کیا جا سکتا ہے جب وہ مکمل طور پر باہر ہو جائے۔
آسٹریلیا کی ٹی 20 ٹیم (دورہ نیوزی لینڈ):
مچل مارش (کپتان)، شان ایبٹ، زیویئر بارٹلیٹ، الیکس کیری، ٹم ڈیوڈ، بین ڈوارشوئس، جوش ہیزل ووڈ، ٹریوس ہیڈ، میٹ کونمین، گلین میکسویل، مچل اووین، میتھیو شارٹ، مارکس اسٹونیس، ایڈم زمپا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن