نیپال کے خلاف ویسٹ انڈیز کے ٹی 20 ٹیم میں پانچ نئے چہرے، عقیل حسین کپتان ہوں گے
نئی دہلی، 18 ستمبر (ہ س)۔ ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے نیپال کے خلاف تین میچوں کی ٹی 20 سیریز کے لیے 15 رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔ اس ٹیم میں پانچ ان کیپڈ کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے۔ ریگولر کپتان شائی ہوپ سمیت کئی سینئر کھلاڑیوں کو آرام دیا گیا ہے۔ بائیں ہاتھ کے اسپنر عقیل حسین کو پہلی بار ٹیم کی باگ ڈور سونپی گئی ہے۔
ٹیم میں شامل پانچ نئے کھلاڑیوں میں ٹاپ آرڈر بلے باز اکیم آگسٹے، آل راونڈر نوین بڈائس، لیگ اسپنر ذیشان موتارا، بائیں ہاتھ کے تیز گیندباز ریمان سمنڈز اور وکٹ کیپر بلے باز عامر جنگو شامل ہیں۔ ان کے علاوہ بلے باز کریمہ گور بھی شامل کیا گیا ہے، جنہوں نے امریکہ کے لیے آٹھ ٹی 20 انٹرنیشنل کھیلے ہیں لیکن ابھی تک ویسٹ انڈیز میں ڈیبیو نہیں کیا ہے۔
کریمہ گور نے جاری کیریبین پریمیئر لیگ میں اپنی فرنچائزی، انٹیگوا اور باربوڈا فالکنز کے لیے 11 میچوں میں 219 رن بنا کر سلیکٹرز کو متاثر کیا۔ تجربہ کار کھلاڑی فیبین ایلن، جیسن ہولڈر اور کائل میئرز بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔ غور طلب ہے کہ ویسٹ انڈیز کی اے ٹیم نے اپریل 2024 میں نیپال کا دورہ کیا تھا جہاں میزبان ٹیم نے سیریز ہارنے کے باوجود دو میچ جیتے تھے۔
سیریز کا پہلا ٹی 20 میچ 27 ستمبر کو کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا اور تیسرا میچ 29 اور 30 ستمبر کو شارجہ میں کھیلا جائے گا۔
ویسٹ انڈیز اسکواڈ (نیپال ٹی 20 سیریز کے لیے): عقیل حسین (کپتان)، فیبین ایلن، جیول اینڈریو، اکیم آگسٹے، نوین بیڈائس، جیڈیا بلیڈز، کیسی کارٹی، کریمہ گور، جیسن ہولڈر، عامر جنگو، کائل میئرز، عبید میک کوئے، ذیشان موٹارا، شیمون موٹارا اور شامر اسپرنگ۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن