غلام نبی آزاد نے ڈی پی اے پی سے متعلق بیانات کو مسترد کیا
جموں، 18 ستمبر (ہ س)۔ ڈیموکریٹک پروگریسو آزاد پارٹی (ڈی پی اے پی) کے چیئرمین غلام نبی آزاد نے ایک اہم وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے نام پر گردش کرنے والے گمراہ کن بیانات سے ان کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ فی الحال ڈی پی اے پی کا نہ کوئی ترجمان ہے اور نہ ہی کسی فرد کو پارٹی کی جانب سے بیان دینے کا اختیار حاصل ہے۔
غلام نبی آزاد نے کہا کہ اگرچہ عوامی مسائل پر پارٹی رہنما اُن سے مشاورت کے بعد رائے ظاہر کر سکتے ہیں، تاہم پارٹی کے تمام سابقہ عہدے، بشمول ترجمان اور دیگر ذمہ داران، تحلیل کر دیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈی پی اے پی نے کسی کو بھی اپنی نمائندگی کا اختیار نہیں دیا۔ اگر کوئی شخص خود کو پارٹی کا ترجمان ظاہر کر کے کوئی بیان جاری کرے تو وہ سراسر ذاتی رائے ہوگی جسے پارٹی کے ساتھ منسوب نہیں کیا جانا چاہیے۔
چیئرمین نے مزید کہا کہ ایسے بیانات کی ذمہ داری پارٹی ہرگز قبول نہیں کرے گی۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ نئے عہدیداران کی باضابطہ تقرری تک کوئی بھی فرد پارٹی کے نام پر سیاسی یا تنظیمی بیان دینے کا مجاز نہیں ہے۔
یہ وضاحت اس پس منظر میں سامنے آئی ہے کہ حالیہ دنوں میں میڈیا میں بعض غیر مصدقہ اور گمراہ کن بیانات سامنے آئے تھے، جنہیں غلام نبی آزاد نے پارٹی کے مؤقف سے متصادم اور بے بنیاد قرار دیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر