ڈی جی پی نلین پربھات نے تھرڈ علاقے کا دورہ کرکے قومی شاہراہ کا جائزہ لیا
جموں، 18 ستمبر (ہ س)۔ جموں و کشمیر پولیس کے ڈائریکٹر جنرل پولیس نلین پربھات نے اُدھمپور ضلع کے تھرڈ گاؤں میں جموں-سری نگر قومی شاہراہ کا معائنہ کرتے ہوئے جاری بحالی اور مرمتی کاموں کا جائزہ لیا۔ حکام کے مطابق ڈی جی پی کا یہ دورہ اُس اعلیٰ سطحی اجلاس کے بعد عمل میں آیا جو منگل کو مرکزی وزیر برائے روڈ ٹرانسپورٹ اینڈ ہائی ویز نتن گڈکری کی صدارت میں منعقد ہوا تھا۔ اس اجلاس میں گزشتہ ماہ شدید بارش اور طغیانی کے باعث تباہ ہونے والی شاہراہ کی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا تھا، جو اب تک بھاری گاڑیوں کی آمدورفت کے لئے بند ہے۔
ڈی جی پی کے ہمراہ انسپکٹر جنرل ٹریفک پولیس سلیمان چودھری بھی موجود تھے۔ انہوں نے تھرڈ کے مقام پر سڑک کی حالت اور ٹریفک کی صورتحال کا بغور جائزہ لیا۔
ذرائع کے مطابق نیشنل ہائی ویز اتھارٹی آف انڈیا کو شدید تنقید کا سامنا ہے کیونکہ اُدھمپور کے تھرڈ علاقے میں 300 میٹر طویل متبادل راستہ نہ تو مناسب طور پر چوڑا کیا گیا ہے اور نہ ہی ہموار، جس کے باعث ٹریفک کی روانی میں شدید رکاوٹ پیش آ رہی ہے۔
افسران کا کہنا ہے کہ اس خراب اور غیر معیاری سڑک کی وجہ سے گاڑیوں کی آمدورفت متاثر ہو رہی ہے اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر