لکھنو کے حیدر نالے میں بچہ گر ا، غوطہ خوروں کی ٹیم تلاش میں مصروف
لکھنو، 18 ستمبر (ہ س)۔ اتر پردیش کی راجدھانی لکھنو کے حسین گنج تھانہ علاقے میں بدھ کی شام کھیلتے ہوئے ایک چھ سالہ بچہ حیدر نہر کے نالے میں گر گیا۔ اطلاع ملتے ہی میئر، میونسپل کمشنر اور ضلع انتظامیہ کے افسران کے ساتھ جائے وقوعہ پر پہنچی پولیس نے بچے کی تلاش شروع کردی ہے۔ غوطہ خوروں اور نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس (این ڈی آر ایف) کی ٹیم کو بھی بلایا گیا۔ واقعے کو سات گھنٹے سے زیادہ کا عرصہ گزر چکا ہے، لیکن بچہ ابھی تک لاپتہ ہے۔ ٹیم اس کی تلاش کر رہی ہے۔
حسین گنج تھانہ علاقے میں رام لیلا میدان کے قریب رہنے والے کباڑ کا کام کرنے والے ننھے اپنی ماں ساوتری، بیٹے ویر اور شیوا (6) کے ساتھ رہتے ہیں۔ اس کے چچا نے بتایا کہ گھر میں کسی تقریب کی وجہ سے فیملی مصروف تھی۔ ویر شام کو پڑوسی بچوں کے ساتھ اپنے روزمرہ کے کام کرنے کے لیے نالے پر گیا تھا کہ پھسل کر گر گیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی اہل خانہ اور گاوں والوں کی بھیڑ جمع ہوگئی۔ میئر سشما کھروال، میونسپل کمشنر گورو کمار اور ضلع اور پولیس حکام جائے وقوعہ پر پہنچے۔
میئر نے کہا کہ واقعہ افسوسناک ہے۔ بارش کی وجہ سے نالے میں بہاو تیز تھا اور بچہ اس میں بہہ گیا ہو گا۔ این ڈی آر ایف اور غوطہ خوری کی ٹیمیں اس کی تلاش میں مصروف ہیں۔ اس کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا ہے۔ ٹیم اپنا کام کر رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن