بہار اسمبلی انتخاب کے پیش نظر کانگریس نے نئی الیکشن کمیٹی تشکیل دی، شکیل احمد خان کا نام بھی شاملپٹنہ، 16 ستمبر(ہ س)۔ بہار اسمبلی انتخاب کے پیش نظر بہار کانگریس کی نئی الیکشن کمیٹی آج تشکیل دے دی گئی ہے۔ اس سلسلے میں بہار پردیش کانگریس کمیٹی نے جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے ریاستی الیکشن کمیٹی کی تشکیل سے متعلق منظوری دے دی ہے۔ بہار کانگریس نے کہا ہے کہ ’’اس نئی الیکشن کمیٹی کی تشکیل فوری اثر سے ہوئی ہے۔ ہم سب مل کر بہار میں کانگریس پارٹی کی تنظیم اور عوامی تحریک کو مزید مضبوط بنائیں گے۔‘‘نو تشکیل شدہ بہار پردیش الیکشن کمیٹی میں ریاستی یونٹ کے صدر راجیش کمار رام اور شکیل احمد خان سمیت کئی سینئر لیڈران شامل ہیں۔ اس کمیٹی میں کئی مسلم نام مثلاً شکیل الزماں انصاری، جمال احمد، اعظمی باری، قیصر علی خان، شکیل الرحمن، ندیم اختر انصاری، فوزیہ رعنا، خوشبو کماری وغیرہ بھی شامل ہیں۔ اس کمیٹی میں مجموعی طور پر 29 اراکین شامل ہیں۔ ان میں بہار سے متعلق سبھی اراکین پارلیمنٹ، اراکین اسمبلی، قانون ساز کونسل کے اراکین، کانگریس کمیٹی کے سکریٹری، کانگریس ورکنگ کمیٹی کے مستقل مدعوئین و خصوصی مدعوئین اراکین کے ساتھ ساتھ سبھی تنظیمی محاذوں کے سربراہان بھی شامل کیے گئے ہیں۔قابل ذکر ہے کہ بہار میں رواں سال اکتوبر-نومبر میں اسمبلی انتخاب ہونے کا امکان ہے۔ کانگریس کے تنظیمی جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال کی طرف سے جاری پریس بیان کے مطابق کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے بہار پردیش کانگریس کمیٹی کے تحت ریاستی الیکشن کمیٹی کی تشکیل سے متعلق تجویز کو منظوری دی۔ بہار کانگریس کی الیکشن کمیٹی تشکیل دیے جانے کے بعد پارٹی کی انتخابی سرگرمیاں بھی بڑھ جائیں گی۔ امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ جلد ہی انڈیا بلاک کی پارٹیاں سیٹوں کی تقسیم سے متعلق تبادلۂ خیال کو حتمی شکل دیں گے۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan