چنڈی گڑھ، 15 ستمبر (ہ س)۔
لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی پیر کو پنجاب میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لینے پنجاب پہنچے۔ انہوں نے سرحدی دیہات کا دورہ کیا اور سیلاب متاثرین سے بات چیت کی۔ راہل گاندھی کے ساتھ پنجاب کانگریس کے صدر امریندر سنگھ راجہ وارنگ اور اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر پرتاپ سنگھ باجوہ سمیت کئی رہنما موجود تھے۔
پنجاب میں سیلاب سے اب تک 56 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ اس سے قبل وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا تھا۔ راہل گاندھی پیر کی صبح امرتسر ایئرپورٹ پہنچے۔ اس کے بعد وہ گاو¿ں گھونیوال روانہ ہو گئے۔ یہاں انہوں نے سیلاب سے متاثرہ لوگوں سے ملاقات کی۔ اس دوران انہوںنے ڈوبی ہوئی فصلیں اور ٹوٹے ہوئے مکانات کو دیکھا۔ یہاں انہوں نے گرودوارہ بیڑ بابا بڈھا صاحب میں متھا بھی ٹیکا۔
اس کے بعد وہ گورداسپور کے گاو¿ں گرچک پہنچے۔ یہاں انہوں نے ڈیم ٹوٹنے کی وجہ سے کھیت اور مکانات کو ڈوبتے دیکھا۔ راہل گاندھی نے کسانوں سے ملاقات کی۔ اس کے بعد وہ ٹریکٹر پر سوار ہو کر آدھا کلومیٹر دور کھڑی اپنی کار کے پاس پہنچے۔ اس کے بعد راہل گاندھی نے دینا نگر میں سیلاب متاثرین سے ملاقات کی۔
راہل گاندھی نے گورداسپور کے دینا نگر کے مکوڑا پتن گاو¿ں میں سیلاب سے متاثرہ کسانوں سے بات کی۔ اس کے بعد انہیں سیلاب سے متاثرہ 7 دیہاتوں کا دورہ کرنا پڑا لیکن سیکورٹی وجوہات کی بنا پر انتظامی عہدیداروں اور راہل گاندھی کے سیکورٹی انچارج نے انہیں مزید جانے کی اجازت دینے سے انکار کردیا۔ اس کے بعد راہل مکوڑا پتن سے ہی واپس دینا نگر چلے گئے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ