وزیر اعظم ملک کے ساتھ ساتھ بہار کے لیے بھی بہت کام کر رہے ہیں:نتیش کمار
پٹنہ، 15 ستمبر(ہ س)۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے پورنیہ ضلع کے سکندر پور ایس ایس بی گرائونڈ میں منعقد پروگرام میں 40ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کے بجلی، ریلوے، ایئر پورٹ، مکانات اور شہری کاموں، جل شکتی، دیہی ترقیات، زراعت اور مویشی پروری کے شعبوں کے مختلف پ
وزیر اعظم  ملک کے ساتھ ساتھ بہار کے لیے بھی بہت کام کر رہے ہیں:نتیش کمار


پٹنہ، 15 ستمبر(ہ س)۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے پورنیہ ضلع کے سکندر پور ایس ایس بی گرائونڈ میں منعقد پروگرام میں 40ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کے بجلی، ریلوے، ایئر پورٹ، مکانات اور شہری کاموں، جل شکتی، دیہی ترقیات، زراعت اور مویشی پروری کے شعبوں کے مختلف پروجیکٹوںکا سنگ بنیاد ، افتتاح ، رہائش سونپنے اور قومی دیہی آجیویکا مشن (این آر ایل ایم) کے مستفیدوں کا تقسیم کیا ،اس دوران انہوں نے مختلف ترقیاتی پروجیکٹوں کا ریمورٹ کے ذریعہ افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا۔ اس پروگرام میں گورنر عارف محمد خان اور وزیر اعلیٰ نتیش کمار بھی شامل ہوئے۔

پروگرام کے دوران اپنے خطاب میں وزیر اعظم نے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے ذریعہ بہار میں کئے گئے ترقیاتی کاموں کی ستائش کی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ آج بہار کی ترقی کے لیے کئی اسکیموں کا افتتاح کیا گیا ہے اور سنگ بنیاد رکھا گیا ہے۔ پورنیہ ایئر پورٹ کا افتتاح کر دیا گیا ہے اور آج سے ہوائی سروس شروع ہو گئی ہے۔ پورنیہ اب ملک کے ایوی ایشن میپ میں شامل ہو گیا ہے۔ میں بہار میں کئے گئے ترقیاتی کاموں کے لئے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی قیادت اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں۔

اس موقع پر منعقدہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے کہا کہ میں آج کے پروگرام میں موجود وزیر اعظم نریندر مودی کا خیر مقدم کرتا ہوں۔ آپ سب کا بھی بہت بہت خیر مقدم ہے کہ آپ سب یہاں وزیر اعظم کو سننے آئے ہیں۔ وزیر اعظم پورے ملک کے ساتھ ساتھ بہار کے لیے بھی بہت کام کر رہے ہیں۔ تالیاں بجا کر اور ہاتھ اٹھا کر اس کا استقبال کیجئے۔ یہ بڑی خوشی کی بات ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی آج پورنیہ تشریف لائے ہیں۔ میں وزیر اعظم نریندر مودی کا خیر مقدم کرتا ہوں اور مبارکباد پیش کر تا ہوں۔ اس موقع پر وزیر اعظم کے ذریعہ یہاں بجلی، ریلوے، شہری ترقیات اور سیلاب پر قابو پانے سے متعلق 12 سکیموں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا جارہا ہے اور 4 ٹرینوں کو بھی جھنڈی دکھا کر روانہ کیا جارہا ہے۔ یہ خوشی کی بات ہے کہ مرکزی بجٹ میں کیے گئے اعلانات اور سب سے بڑی سرمایہ کاری والا پیرپینتی تھرمل پاور پروجیکٹ بھی شامل ہے۔ ان تمام ترقیاتی اسکیموں کی لاگت 40 ہزار کروڑ روپے سے زیادہ ہے۔ ان تمام اسکیموں سے بہار کو بہت فائدہ پہنچے گا، اس کے لیے میں دل کی گہرائی سے عزت مآب وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس سے قبل آج وزیر اعظم نے پورنیہ ایئر پورٹ کی نئی ٹرمینل عمارت کا افتتاح کیا ہے۔ اس کے لیے ریاستی حکومت کافی عرصے سے کوشش کر رہی تھی لیکن وزیر اعظم جی وجہ سے یہ کام جلد ہی مکمل ہو گیا۔ اس ایئرپورٹ کے کھلنے سے اس علاقے کے لوگوں کو بہت فائدہ ہوگا۔ اس کے علاوہ بہار میں تمام کام ہو چکے ہیں۔ ہم سے پہلے جو حکومت تھی اس نے کوئی کام نہیں کیا۔ حالات بہت خراب تھے۔ انہوں نے کہا کہ 24 نومبر 2005 کو این ڈی اے کی جو حکومت بنی تھی اس میں جے ڈی یو کے ساتھ بی جے پی بھی تھی۔ ہم مل کر بہار کی ترقی کر رہے ہیں۔ درمیان میں کچھ گڑبڑ ہوا تھا، اسی لیے ان لوگوں کو چھوڑ دیا گیا۔ پہلے ہماری پارٹی کے کچھ لوگ گڑبڑ کردیتے تھے۔ اب سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ بی جے پی اور جے ڈی یو کے ذریعہ بنائی گئی حکومت میں سارے کام ہوئے۔ ہم سب مل کر کام کریں گے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم لوگوں کی ریاستی حکومت نے کچھ نئے فیصلے کیے ہیں۔ بزرگوں، معذوروں اور بیوہ خواتین کو پہلے دی جانے والی پنشن کی رقم 400 روپے تھی جس میں اضافہ کر کے 1100 روپے کر دیا گیا ہے۔ اس سے 1 کروڑ 13 لاکھ لوگ مستفید ہو رہے ہیں۔ سال 2018 میں ہر گھر کو بجلی فراہم کر دی گئی جو انتہائی کم قیمت پر دی گئی لیکن اب ہم نے اس سال فیصلہ کیا ہے کہ اب تمام گھریلو صارفین کو بجلی مفت دی جائے گی جس کا آغاز جولائی کے مہینے سے کر دیا گیا ہے۔ سال 2020 میں ہم نے فیصلہ کیا تھا کہ ہم 10 لاکھ سرکاری نوکریاں اور 10 لاکھ روزگار فراہم کریں گے۔ 10 لاکھ سرکاری نوکریاں دے دی گئی ہیں اور 10 لاکھ روز گار بڑھتے بڑھت اب 39 لاکھ تک ہو گیا ہے۔ اس کو بھی اب بڑھا کر 50 لاکھ سے زیادہ کرنا ہے۔ اب ہم لوگوں نے طے کیا ہے کہ آئندہ 5 برسوں میں 1 کروڑ نوجوانوں کو نوکری اور روزگار دیا جائے گا۔ بہار میں نئی صنعتیں لگانے کے لیے خصوصی مدد دی جا رہی ہے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ بڑی خوشی کی بات ہے کہ بہار کی ترقی کے لیے مرکز سے مکمل تعاون مل رہا ہے۔ جولائی 2024 کے بجٹ میں مرکزی حکومت نے بہار کو سڑک، صنعت، صحت، سیاحت اور سیلاب پر قابو پانے کے لیے خصوصی اقتصادی امداد کے طور پر ایک بڑی رقم دینے کا اعلان کیا ہے۔ اس کے بعد فروری 2025 کے بجٹ میں بہار کے لیے مکھانہ بورڈ، ایئر پورٹ، مغربی کوسی کینال کے قیام کے لیے مالی امداد کا اعلان کیا گیا ہے۔ پہلے’کھیلو انڈیا یوتھ گیمز‘ کے انعقاد کی ذمہ داری 6 ریاستوں کو دی گئی تھی لیکن اس مرتبہ مرکزی حکومت نے بہار کو یہ ذمہ داری سونپی، جو کہ فخر کی بات ہے۔ اس سب کے لیے میں قابل احترام وزیر اعظم جناب نریندر مودی کو سلام کرتا ہوں۔ میں ایک بار پھر وزیر اعظم جناب نریندر مودی کو آج اس پروگرام میں آنے پر خیر مقدم کر تا ہوں۔ آپ ملک کے ساتھ ساتھ بہار کے لیے بھی بہت کام کر رہے ہیں، اس کے لیے میں آپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ میں یہاں موجود تمام معززین کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ آپ سب کھڑے ہو کر وزیر اعظم کا استقبال کریں۔ آپ کا بہت بہت شکریہ۔ انہوں نے کہا کہ آپ لوگ بھولیے گا نہیں، ریاستی حکومت کام کر رہی ہے لیکن ہمیں مرکزی حکومت سے جو تعاون مل رہا ہے اس سے بہار بہت آگے بڑھ جائے گا۔انہیں الفاظ کے ساتھ میں اپنی بات ختم کر تا ہوں ۔ بہت بہت شکریہ۔

ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan


 rajesh pande