موہالی، 13 ستمبر (ہ س)۔ راونڈ گلاس اور ہاکی پنجاب کے اشتراک سے منعقد کی جا ر ہی پنجاب ہاکی لیگ (پی ایچ ایل) کو ہندوستان کے ہاکی کے عظیم کھلاڑیوں کی جانب سے زبردست حمایت حاصل ہور ہی ہے۔ ان کا ماننا ہے کہ لیگ ملک میں کھیل کا مستقبل بدل رہی ہے۔ 30 لاکھ روپے کی انعامی رقم کے ساتھ، ہندوستان میں جونیئر ہاکی کے لیے اب تک کی سب سے بڑی، اور ملک بھر کی ٹیموں کی شرکت کے ساتھ، پی ایچ ایل نے زمینی سطح پر ترقی کے نئے معیار قائم کیے ہیں۔
بھارت کے سابق فارورڈ اور ارجن ایوارڈ یافتہ پربھجوت سنگھ نے منتظمین کے ذریعہ جاری کردہ ایک سرکاری بیان میں ٹورنامنٹ کے پیمانے اور وژن کی تعریف کی اور اسے ”نوجوانوں کے لیے سب سے بڑا پلیٹ فارم“ قرار دیا۔
انہوںنے کہا”یہ لیگ جس کا آغاز راونڈ گلاس اور ہاکی پنجاب نے کیا ہے، ایک بہت اچھا اقدام ہے۔ جب ایسی لیگ ہوتی ہے تو تمام جونیئرز کو موقع ملتا ہے۔ اس کے علاوہ 30 لاکھ روپے کی بھاری انعامی رقم بھی ہے۔ یہ کھلاڑیوں کے لیے بڑے ٹورنامنٹس کی تیاری کے لیے ایک بہترین پلیٹ فارم ہے۔“
2001 کے جونیئر ہاکی ورلڈ کپ کے فاتح اور دو بار ایشیا کپ جیتنے والی ٹیم کا حصہ رہے پربھجوت نے کہا کہ ہر سال منعقد ہونے والی لیگ نوجوانوں کو واضح نقطہ نظر اورترغیب دیتی ہے۔
انہوں نے کہا، ”پہلے کھلاڑیوں کو یہ نہیں معلوم تھا کہ انہیں کون سا ٹورنامنٹ کھیلنا ہے۔ اب اس لیگ کے ساتھ وہ جانتے ہیں کہ یہ ہر سال ہوتا ہے۔ اس لیے وہ اس کے لیے تیاری کرتے ہیں۔ وہ یہاں اپنا بہترین پیش کرنا چاہتے ہیں تاکہ انہیں سینئر کیمپ میں منتخب ہونے کا موقع مل سکے۔“
پربھجوت نے یہاں تک کہا کہ اگر اس طرح کی لیگ ان کے زمانے میں ہوتی تو کھلاڑیوں کا کریئر کئی سال اور بڑھ جاتا۔
ہاکی لیجنڈ بلجیت سنگھ نے کہا کہ اس اقدام کا اثر پنجاب سے باہر بھی دیکھا جائے گا۔انہوں نے کہا، ”یہ ایک بہت اچھا قدم ہے، اس سے ہندوستانی ہاکی کو فروغ ملے گا۔ پنجاب میں ہمیشہ سے ہاکی کی بھرپور صلاحیت رہی ہے اور اب دیگر ریاستیں بھی ہمارے ہاکی کلچر سے فائدہ اٹھا سکتی ہیں، ایسے اقدامات کو باقاعدہ سپورٹ ملنی چاہیے تاکہ ہندوستان کو اچھے کھلاڑی ملتے رہیں“۔
بلجیت نے ملک بھر سے شرکت اور اس سے حاصل ہونے والے تجربے کو اہم قرار دیا۔
انھوں نے کہا،”ہم عام طور پر اس سطح کے عمر کے گروپ ٹورنامنٹ نہیں دیکھتے ہیں۔ یہاں کے جونیئر کھلاڑی اسی سطح کی ہاکی کھیل رہے ہیں جس طرح ہاکی انڈیا لیگ میں دیکھا گیا تھا، جو کہ ایک بڑی بات ہے۔ جب یہ کھلاڑی ایچ آئی ایل اور دنیا بھر کے دیگر ٹورنامنٹس میں جائیں گے، تو انہیں محسوس ہوگا کہ وہ پہلے سے ہی دباو¿ والے حالات کے عادی ہیں۔“
ہندوستان کے سابق کپتان راجپال سنگھ نے راونڈ گلاس کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہر سیزن میں اس کی سطح کو بلند کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ”یہ بہت اچھا قدم ہے، اس کا سہرا راونڈ گلاس کو جاتا ہے۔ انہوں نے ہاکی کو فروغ دینے کی ذمہ داری لی ہے اور پچھلے سیزن سے اس بار تک اس سطح میں بہتری کا سہرا ان کو جاتا ہے۔“
ارجن ایوارڈ یافتہ راجپال نے بھی انعامی رقم اور قومی نمائندگی دونوں کی اہمیت پر زور دیا۔
ہاکی انڈیا کی پہچان اور اس کی مسلسل بڑھتی ہوئی ساکھ کے ساتھ، پنجاب ہاکی لیگ اب جونیئرز کے لیے عالمی سطح تک پہنچنے کے لیے ایک اہم گیٹ وے کے طور پر پہچانی جاتی ہے۔
پنجاب ہاکی لیگ 2025 کا پہلا مرحلہ منگل (9 ستمبر) کو اختتام پذیر ہوا، دفاعی چیمپئن راونڈ گلاس ہاکی اکیڈمی 20 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر سرفہرست ہے۔ انہوں نے ساتوں میچ جیت کر کلین سویپ کیا۔ اسپورٹس اتھارٹی آف انڈیا نیشنل سینٹر آف ایکسی لینس، سونی پت (سائی، این سی او ای، سونی پت) 18 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ لیگ کا دوسرا مرحلہ 15 ستمبر سے جالندھر میں شروع ہوگا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد