انگلینڈ نے تاریخ رقم کی، ٹی 20 انٹرنیشنل میں 300 کا ہندسہ عبور کرنے والی پہلی ٹیم بنی
۔ انگلینڈ نے دوسرے ٹی 20 میں جنوبی افریقہ کو 146 رنوں سے شکست دے دی
مانچسٹر، 13 ستمبر (ہ س)۔ مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ گراونڈ میں کھیلے گئے دوسرے ٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں انگلینڈ نے تاریخ رقم کردی۔ انگلش ٹیم نے جمعہ کی دیر رات (ہندوستانی وقت کے مطابق ہفتہ) کو جنوبی افریقہ کے خلاف 20 اوورز میں صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر 304 رن بنائے اور ٹی 20 انٹرنیشنل میں مکمل رکن ٹیم کے خلاف 300 کا ہندسہ عبور کرنے والی پہلی ٹیم بن گئی۔
فل سالٹ نے شاندار اننگز کھیلی اور صرف 60 گیندوں پر 141 رنوں کی ناٹ آوٹ اننگز کھیلی۔ یہ کسی بھی انگلش بلے باز کا ٹی 20 انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ انفرادی اسکور ہے۔ کپتان جوس بٹلر نے بھی صرف 30 گیندوں پر 83 رنوں کی طوفانی اننگز کھیل کر ٹیم کو شاندار آغاز فراہم کیا۔
انگلینڈ نے پہلے ہی اوور سے اپنے ارادے واضح کر دیے تھے۔ بٹلر نے صرف 18 گیندوں میں اپنی نصف سنچری مکمل کی اور ٹیم نے صرف 5.5 اوورز میں 100 رن بنا دئے۔ سالٹ نے 39 گیندوں میں سنچری مکمل کرکے انگلینڈ کی جانب سے تیز ترین ٹی 20 انٹرنیشنل سنچری کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا۔
جواب میں جنوبی افریقہ کی ٹیم 16.1 اوورز میں صرف 158 رنوں پر ڈھیر ہو گئی۔ کپتان ایڈن مارکرم (41) اور بیجورن فورٹوئن (32) نے تھوڑی کوشش کی لیکن انگلش گیند بازوں کے سامنے پوری ٹیم ڈھیر ہوگئی۔ جوفرا آرچر نے 25 رن کے عوض 3 اور سیم کورن نے 11 رن کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں۔
اس جیت کے ساتھ ہی انگلینڈ نے سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔ یہ ٹی 20 انٹرنیشنل میں انگلینڈ کی اب تک کی سب سے بڑی جیت ہے۔
مختصر اسکور
انگلینڈ: 304/2 (20 اوورز)
فل سالٹ 141* (60 گیندیں)
جوس بٹلر 83 (30 گیندوں)
بیورن فورٹوئن2/52
جنوبی افریقہ: 158 (16.1 اوورز)
ایڈن مارکرام 41
بیورن فورٹوئن 32
جوفرا آرچر 3/25، سیم کرن 2/11
انگلینڈ 146 رن سے جیت گیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن