نئی دہلی 06 اگست (ہ س)۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارتی اشیا پر 25 فیصد اضافی ٹیرف لگانے کا اعلان کیا ہے۔ یہ پہلے عائد کردہ 25 فیصد ٹیرف سے اضافی ہوگا۔ اس طرح اب ہندوستان پر 50 فیصد ٹیرف ہوگا۔
بھارت کے ساتھ تجارتی کشیدگی کو مزید تیز کرتے ہوئے، ریاستہائے متحدہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بدھ کے روز بھارت پر اضافی 25 فیصد ٹیرف عائد کرنے کے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کیے، جس سے یہ کل 50 فیصد ہو گیا۔ اس سے قبل 30 جولائی کو ٹرمپ نے ہندوستان پر 25 فیصد ٹیرف لگانے کا اعلان کیا تھا۔
اس سے قبل منگل کو امریکی صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ ہندوستان اچھا تجارتی پارٹنر نہیں رہا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا تھا کہ وہ آئندہ 24 گھنٹوں میں نئی دہلی پر ٹیرف میں کافی اضافہ کر دیں گے کیونکہ وہ روس سے تیل خرید رہا ہے۔
ٹرمپ کے دستخط کردہ حکم نامے کے مطابق یہ ٹیرف 21 دنوں کے اندر لاگو ہو جائے گا، جو کہ 27 اگست 2025 سے بھارت سے امریکہ بھیجے جانے والے سامان پر لاگو ہو گا۔ تاہم، جو سامان اس تاریخ سے پہلے روانہ کیا گیا ہے اور 17 ستمبر 2025 سے پہلے امریکہ پہنچ جائے گا، وہ اس ڈیوٹی سے مستثنیٰ ہوں گے۔ حکم نامے میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ ٹیرف دیگر تمام ڈیوٹیز اور ٹیکسز کے علاوہ ہو گا، جب کہ بعض خصوصی معاملات میں چھوٹ بھی دی جا سکتی ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی