باغپت، 31 اگست (ہ س)۔ اترپردیش میں باغپت ضلع کے سنگھوالی اہیر تھانہ علاقے میں ایک کسان نے پھانسی لگا کر خودکشی کرلی۔ خاندان نے کسان کی موت کا الزام محکمہ ریونیو کے ملازم پر لگایا ہے۔ تحصیل علاقے کے ڈولا گاؤں کے رہنے والے کسان چندربوس (52) کی لاش اتوار کو اپنے ہی کھیت میں پیپل کے درخت سے لٹکی ہوئی ملی۔ اطلاع ملتے ہی سنگھوالی اہیر تھانہ پولیس موقع پر پہنچی اور لاش کو پھندے سے اتار کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا۔ پولیس پوچھ تاچھ کے دوران اہل خانہ نے بتایا کہ کسان چندربوس پر بینک اور کسان کارڈ پر قرض تھا۔ کسان مالی مجبوریوں کی وجہ سے قرضہ جمع کرنے سے قاصر تھا۔ بینک نے وصولی کے لیے آر سی جاری کیا۔ ریونیومحکمہ کی ٹیم اس پر ایک ہفتے تک قرض جمع کرانے کے لیے دباؤ ڈال رہی تھی۔ کسان کو جیل بھیجنے کی دھمکیاں دی جا رہی تھیں۔ تذلیل سے بچنے کے لیے کسان نے گھر سے نکلنا بھی چھوڑ دیا تھا۔ ہفتہ کو محکمہ ریونیو کی ٹیم اسے پکڑ کر لے گئی اور اس کی تذلیل کی اور پھر چھوڑ دیا۔ کسان ذلت برداشت نہ کر سکا اور پھانسی لگا کر خودکشی کر لی۔ اہل خانہ نے محکمہ ریونیو کے امین کے خلاف پولیس میں شکایت کی ہے۔
ضلع مجسٹریٹ اسمیتا لال نے اس معاملے کا نوٹس لیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ معاملے کو سنجیدگی سے لیا جائے گا اور تحقیقات کی جائیں گی۔ اگر محکمہ ریونیو کا کوئی بھی ملازم اس میں قصوروار پایا گیا تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد