کثیر تعداد میں اسکولی بچوں نے مضمون نویسی و خطوط نویسی اور خوشخطی کے مقابلوں میں حصہ لیانئی دہلی،30 اگست(ہ س)۔اردو اکادمی، دہلی کے زیر اہتمام پرائمری سے لے کر سینئر سکنڈری زمرے تک کے طلبہ کے لیے مضمون نویسی کا ایک شاندار مقابلہ ا?ج صبح دس بجے اکادمی کے دفتر میں منعقد ہوا۔ مقابلے میں ہر زمرے کے طلبہ کے لیے الگ الگ موضوعات دیے گئے تھے اور شرکاءکو ہدایت دی گئی تھی کہ وہ ایک سو پچاس الفاظ پر مشتمل مضمون تحریر کریں، جس کے لیے ڈیڑھ گھنٹے کا وقت مقرر کیا گیا تھا۔ تعلیمی مقابلے کا یہ برسہا برس سے بڑے پیمانے پر منعقد کیا جا رہا ہے، جن میں دہلی کے درجنوں سرکاری اور غیرسرکاری اسکولوں کے بچے بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں اور کامیابی حاصل کرنے کے بعد قیمتی انعامات سے نوازے جاتے ہیں۔ان مقابلوں میں حسبِ روایت اول، دوم اور سوم پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کو خصوصی انعامات عطا کیے جاتے ہیں، جبکہ حوصلہ افزائی کے لیے دیگر نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو بھی انعامات پیش کیے جاتے ہیں۔ مزید یہ کہ سب سے زیادہ شرکت کرنے والے اسکول کو ”بہترین شرکت کرنے والا اسکول“(Best Participating School) اور سب سے زیادہ انعامات حاصل کرنے والے اسکول کو ”بہترین کارکردگی کا حامل اسکول“( Best Performing School) کے اعزاز کے ساتھ ٹرافی اور نقد انعامات سے نوازا جاتا ہے۔ اس بار بھی اکادمی کے پلیٹ فارم پر مختلف النوع مقابلے جیسے تقریر، فی البدیہہ تقریر، بیت بازی، اردو ڈراما، غزل سرائی، کوئز، مضمون نویسی، خطوط نویسی، خوشخطی، امنگ فی الفورپینٹنگ، گروپ سانگ (پرائمری زمرہ) اور بلند خوانی (پرائمری زمرہ) کا اہتمام کیا گیا۔آج کے اس دور میں جب کہ عمومی طور پر اردو زبان کے تئیں دلچسپی کم ہوتی جا رہی ہے، ایسے حالات میں دہلی کے اسکولوں کے بچوں میں اردو کے مطالعے اور اس کے عملی استعمال کا رجحان روز بروز بڑھتا جارہا ہے، جو ایک خوش آئند ہے۔ اردو اکادمی، دہلی زبان، ادب اور ثقافت کے فروغ کے لیے ہمہ وقت سرگرمِ عمل ہے۔ اکادمی میں اردو سیکھنے کے لیے مختلف مدتی اور قلیل مدتی کورسز کامیابی کے ساتھ چل رہے ہیں اور دہلی کے گوشے گوشے میں قائم اردو خواندگی مراکز میں ہزاروں طلبہ اردو سیکھ رہے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ طلبہ جو اسکولوں میں باضابطہ طور پر تعلیم حاصل کر رہے ہیں، ان کے لیے بھی اکادمی کے زیر انتظام مختلف قسم کے مقابلہ جاتی پروگرام اور تربیتی ورکشاپس کا اہتمام کیا جاتا ہے۔یہی وجہ ہے کہ ان مقابلوں میں طلبہ جس جوش و خروش اور والہانہ جذبے کے ساتھ شرکت کر کے نہ صرف اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں بلکہ اپنے والدین اور ادارے کا نام بھی روشن کر رہے ہیں، وہ یقینا قابلِ تحسین ہے۔ مضمون نویسی جو ایک مشکل فن سمجھا جاتا ہے، اس میں بچوں کی شرکت اور ان کی دلچسپی اس بات کا ثبوت ہے کہ اردو اکادمی کی یہ کاوشیں بارآور ثابت ہو رہی ہیں۔ اس بار ستر سے زیادہ اسکولوں کے 221 طلبہ نے مضمون نویسی اور خطوط نویسی کے مقابلے میں اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، جبکہ دوپہر کے بعد 294 طلبہ نے خوشخطی کے مقابلے میں اپنے دلکش و جاذبِ نظر رسم الخط کو امتحانی پرچوں پر اتارا۔ہر زمرے میں کتنے طلبہ پوزیشن حاصل کریں گے اور کتنے حوصلہ افزائی کے انعامات کے مستحق قرار پائیں گے، اس کا فیصلہ نتائج کے باضابطہ اعلان کے بعد ہی سامنے آئے گا۔ البتہ یہ امر خوش آئند ہے کہ ان مقابلوں میں بچوں کی بھرپور دلچسپی کے ساتھ ساتھ اساتذہ کی رہنمائی اور کارکردگی بھی نمایاں طور پر نظر آرہی ہے، جو مستقبل میں اردو زبان و ادب کے فروغ کی روشن ضمانت ہے۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Md Owais Owais