گزشتہ کئی دنوں سے سوشل میڈیا پر اداکار گووندا اور ان کی اہلیہ سنیتا آہوجا کی طلاق کو لے کر طرح طرح کے چرچے ہو رہے ہیں لیکن حال ہی میں جاری ہونے والی ویڈیو نے ان خبروں کی مکمل تردید کر دی ہے۔ گووندا اور سنیتا نے 27 اگست کو اپنے خاندان کے ساتھ گنپتی بپا کا استقبال بڑے دھوم دھام سے کیا۔
اب ان کی ایک نئی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔ اس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گووندا اور سنیتا گنپتی وسرجن کے موقع پر پوری عقیدت اور جوش و خروش کے ساتھ رقص کرتے نظر آ رہے ہیں۔ دونوں نے سفید روایتی لباس زیب تن کیے ہوئے ہیں، جو اس موقع پر اور بھی دلکش نظر آتے ہیں۔ ویڈیو میں ان کا بیٹا یشوردھن بھی نظر آ رہا ہے، جو بپا کی مورتی کو دونوں ہاتھوں سے اٹھائے ہوئے ہے۔ پورا خاندان بپا کے نعروں سے گونج رہا ہے، گنپتی بپا موریا۔
اس موقع پر سبھی جذباتی اور خوش نظر آئے۔ گووندا اور سنیتا کے چہروں پر مسکراہٹ صاف ظاہر کر رہی تھی کہ وہ اس تہوار کو پورے دل سے منا رہے ہیں۔ مداح بھی اس ویڈیو کو دیکھ کر بہت خوش ہیں اور کمنٹس میں انہیں ڈھیروں دعائیں دے رہے ہیں۔
گووندا اور سنیتا کی شادی سال 1987 میں ہوئی تھی، طویل عرصے تک دونوں اچھے اور برے وقت میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے۔ ان کے دو بچے ہیں، ٹینا آہوجا اور یشوردھن آہوجا۔ ٹینا فلموں میں کام کر چکی ہیں جب کہ یشوردھن بھی بالی ووڈ میں اپنا کریئر بنانے کی تیاری کر رہے ہیں۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی