کٹرا، 27 اگست (ہ س)۔ جموں و کشمیر کے کٹرا میں ویشنو دیوی مندر کے قریب منگل کو شدید بارش کی وجہ سے لینڈ سلائیڈنگ سے 32 لوگوں کی موت ہو گئی ہے۔ ریاسی کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس پرم ویر سنگھ نے یہ اطلاع دی۔
یہ لینڈ سلائیڈنگ ویشنو دیوی مندر کے راستے پر ادھکواری گپھا مندر کے اندرا پرستھ ریسٹورنٹ کے قریب ہوئی۔شری ماتا ویشنو دیوی شرائن بورڈ (ایس ایم وی ڈی ایس بی) نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ادھکواری میں اندرا پرستھ بھوجنالیہ کے قریب لینڈ سلائیڈنگ ہوئی ہے۔ کچھ لوگوں کے زخمی ہونے کا خدشہ ہے۔ ضروری افرادی قوت اور مشینری کے ساتھ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
حکام نے بتایا کہ چکی ندی میں مٹی کے کٹاؤ اور اچانک سیلاب کے بعد پٹھان کوٹ کینٹ اور کنڈروری کے درمیان ڈاؤن لائن پر ٹریفک میں خلل پڑنے کی وجہ سے 18 ٹرینیں منسوخ کردی گئیں۔
دریں اثنا، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے ایک ایکس پوسٹ میں کہا کہ نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس (این ڈی آر ایف) کی ٹیمیں واقعہ کے فوراً بعد موقع پر پہنچ گئی تھیں۔ اس سلسلے میں انہوں نے جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ اور لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے بات کی ہے۔ مقامی انتظامیہ زخمیوں کی مدد کے لیے راحت اور بچاو کے کاموں میں لگی ہوئی ہے اور این ڈی آر ایف کی ٹیمیں بھی وہاں پہنچ رہی ہیں۔
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے مرنے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا اور حکام کو ہدایت دی کہ حادثے میں زخمی ہونے والوں کو فوری مدد فراہم کی جائے۔ سنہا نے کہا کہ حکام بھاری بارش کے درمیان جموں ڈویژن میں صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور لوگوں سے مشورہ پر عمل کرنے کی اپیل کی ہے۔
امت شاہ سے بات کرنے کے بعد، وزیر اعلی عمر عبداللہ نے ایکس پر بھی ایک پوسٹ کیا کہ انہوں نے مرکزی وزیر داخلہ سے فون پر بات کی اور انہیں جموں و کشمیر کی صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا، خاص طور پر جموں صوبے میں جہاں شدید اور مسلسل بارش نے بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا ہے اور عام زندگی میں خلل پڑا ہے۔
فون/ڈیٹا کنیکٹیویٹی کو جلد از جلد بحال کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد