جموں, 25 اگست (ہ س)جموں و کشمیر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران موسم بنیادی طور پر ابر آلود رہا ۔ تاہم جموں صوبے میں موسلادھار بارش کی وجہ سے سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ۔وہیں محکمہ موسمیات نے آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران جموں و کشمیر کے مختلف حصوں میں شدید بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ منگل کے روز جموں خطے میں موسم انتہائی سنگین صورتحال اختیار کرسکتا ہے۔ اس دوران ندی نالوں اور دریاؤں میں پانی کی سطح خطرے کے نشان سے اوپر جا سکتی ہے، جس سے نشیبی علاقوں میں سیلابی کیفیت پیدا ہونے کا اندیشہ ہے۔
محکمہ کے مطابق پیر کے روز جموں خطے کے متعدد اضلاع بشمول کٹھوعہ، سانبہ، ڈوڈہ اور کشتواڑ میں ہلکی سے درمیانی درجے کی بارش متوقع ہے، جب کہ وادی کشمیر عموماً خشک رہے گی، البتہ شام یا رات کے اوقات میں بعض علاقوں میں ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔ تاہم منگل کے روز جموں خطے میں شدید سے انتہائی شدید بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے، جس کے نتیجے میں نشیبی علاقوں میں طغیانی اور فلیش فلڈ جیسی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔ محکمہ کے مطابق ضلع پونچھ اس صورتحال سے نسبتاً کم متاثر ہوگا۔
وادی کشمیر میں زیادہ اثر جنوبی کشمیر پر پڑنے کی توقع ہے، خاص طور پر بالائی علاقوں اور پیر پنجال کے پہاڑی سلسلے میں بھاری بارش کے ساتھ برفباری کا بھی امکان ہے۔ اس سے نچلے علاقوں میں ندی نالوں کے بہاؤ میں غیرمعمولی اضافہ ہوسکتا ہے، جب کہ وسطی کشمیر میں صرف ہلکی سے درمیانی بارش اور شمالی کشمیر میں موسم نسبتاً سازگار رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بھاری بارش کے سبب پہاڑی دروں پر لینڈ سلائیڈنگ، پتھرگرنے اور فلیش فلڈ کے واقعات پیش آ سکتے ہیں، جس سے آمد و رفت میں رکاوٹیں کھڑی ہوسکتی ہیں۔ عوام بالخصوص سیلابی خطوں اور نشیبی علاقوں میں رہائش پذیر افراد کو محتاط رہنے کی ہدایت دی گئی ہے، جبکہ جموں اور جنوبی کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں ٹریکنگ اور پہاڑوں کا رخ کرنے سے سختی کے ساتھ پرہیز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر