گزشتہ 11 سالوں میں حکمراں جماعت نے اپوزیشن کے ساتھ امتیازی سلوک کیا: کھڑگے
نئی دہلی، 20 اگست (ہ س)۔ انڈیا اتحاد کی اتحادی جماعتوں کے قائدین نے آج ایوان دستور کے مرکزی ہال میں میٹنگ کی اور نائب صدر کے امیدوار بی سدرشن ریڈی کے حق میں یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔ اس میٹنگ میں کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے، کانگریس پارلیمانی پارٹی لیڈر
گزشتہ 11 سالوں میں حکمراں جماعت نے اپوزیشن کے ساتھ امتیازی سلوک کیا: کھڑگے


نئی دہلی، 20 اگست (ہ س)۔

انڈیا اتحاد کی اتحادی جماعتوں کے قائدین نے آج ایوان دستور کے مرکزی ہال میں میٹنگ کی اور نائب صدر کے امیدوار بی سدرشن ریڈی کے حق میں یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔ اس میٹنگ میں کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے، کانگریس پارلیمانی پارٹی لیڈر سونیا گاندھی، راہل گاندھی، این سی پی (ایس سی پی) کے سربراہ شرد پوار، ڈی ایم کے رکن پارلیمنٹ تریچی سیوا، سماج وادی پارٹی کے رہنما رام گوپال یادو، شیو سینا (یو بی ٹی) کے سنجے راوت، کانگریس لیڈر گورو گوگوئی سمیت کئی بڑی اپوزیشن جماعتوں کے رہنما موجود تھے۔

اس موقع پر کھڑگے نے کہا کہ گزشتہ 11 سالوں میں حکمراں جماعت نے اپوزیشن کے ساتھ امتیازی سلوک کیا ہے۔ حکومت پارلیمنٹ میں اکثریت کے بل بوتے پر عوام دشمن قوانین پاس کرتی رہی ہے جبکہ یہ حکومت اقلیت میں ہے۔ پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس میں ملک نے دیکھا کہ کس طرح اپوزیشن کی شرکت کے بغیر عجلت میں اور من مانی طریقے سے بل منظور کر لیے گئے۔ اپوزیشن کے ارکان اسمبلی کو بولنے نہیں دیا گیا اور انہیں من مانی سے معطل کر دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ نائب صدر ملک کا دوسرا اعلیٰ ترین آئینی عہدہ ہے جس کے وقار اور غیر جانبداری کو برقرار رکھنا لازمی ہے۔ ڈاکٹر ایس رادھا کرشنن جیسی عظیم ہستیوں نے اس عہدے کا وقار قائم کیا تھا اور راجیہ سبھا میں ایک صحت مند روایت کو جنم دیا تھا۔ آج وہی روایات ٹوٹتی نظر آرہی ہیں اور اپوزیشن کو عزت نہیں مل رہی۔ ایسے وقت میں اپوزیشن جماعتوں نے اجتماعی طور پر فیصلہ کیا ہے کہ وہ نائب صدر کے عہدے کے لیے ایک ایسے شخص کو نامزد کریں گی جس کی ساری زندگی آئین، جمہوریت اور عدالتی اقدار کے لیے وقف رہی ہو۔

اس موقع پر راہل گاندھی نے ریڈی کے تجربے اور سوچ کی بھی تعریف کی اور کہا کہ وہ ایک ایسے جج ہیں جن کے پاس کئی دہائیوں کا قانونی تجربہ ہے اور وہ آئین کے سچے پرستار ہیں۔ ریڈی نے تلنگانہ میں سماجی انصاف کے لیے خاص طور پر ذات پات کی مردم شماری پر مبنی اسکیموں کی تشکیل میں اہم شراکت کی ہے۔ جسٹس ریڈی نظریاتی طور پر پرعزم اور ذہین شخص ہیں جن کی تمام جماعتوں میں عزت کی جاتی ہے۔

اس کے بعد کھڑگے نے اپنے ایکس پوسٹ کے ذریعہ ریڈی کو نائب صدر کے عہدہ کے لئے اپوزیشن کے امیدوار کے طور پر منتخب کئے جانے کی وجہ بتائی اور کہا کہ یہ انتخاب صرف آئینی عہدہ کے لئے نہیں ہے بلکہ ایک ایسا انتخاب ہے جو ملک کی روح اور جمہوریت کی سمت کا تعین کرے گا۔ ریڈی ہندوستانی روایت کا ایک اہم ستون رہے ہیں اور انہوں نے سماجی، سیاسی اور اقتصادی مساوات کے حق میں کئی تاریخی فیصلے دیے ہیں، جو ہندوستان کے جمہوری تانے بانے کو مضبوط کرتے ہیں۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / عطاءاللہ


 rajesh pande