کار کا شیشہ توڑ کرشراب کی بوتلیں لوٹ لیںمونگیر،18 اگست (ہ س)۔ ایک طرف حکومت بہار جہاں شراب بندی کو اپنی سب سے بڑی کامیابی بتاتی ہے، وہیں زمینی حقائق کچھ اور ہی نظر آتے ہیں۔ تازہ معاملہ مونگیر ضلع کے تارا پور تھانہ علاقے کے بہما گاؤں سے سامنے آیا ہے جہاں شراب سے لدی ایک کار جام میں پھنس گئی اور پولیس کے پہنچنے تک اہل علاقہ گاڑی سے انگریزی شراب کی بوتلیں لوٹ کر فرارہو گئے۔یہ سارا واقعہ کسی فلمی سین سے کم نہیں تھا۔ اتوار کی رات جب گاؤں میں ویشاری پوجا کے لیے کافی بھیڑ جمع تھی، اسی دوارن ایک سفید کار سلطان گنج-سنگرام پور مین روڈ پر جام میں پھنس گئی۔ شک اس وقت گہرا ہو گیا جب کسی نے دیکھا کہ کار کی پچھلی سیٹ پر بڑی تعداد میں شراب کے ڈبے رکھے ہوئے ہیں۔ چند لمحوں میں خبر پھیل گئی کہ شراب سے بھری گاڑی جام میں پھنسی ہوئی ہے۔اس کے بعد بھیڑ نے پہلے اسمگلروں کو گھیرنے کی کوشش کی لیکن کار میں بیٹھے دونوں نوجوان بھیڑ کو چکمہ دے کر فرار ہو گئے۔ پھر کیا تھا، دیکھتے ہی دیکھتے ماحول بدل گیا اور لوگ قانون سے بے خوف گاڑی پر ٹوٹ پڑے۔ کہانی یہیں ختم نہیں ہوئی۔ ہجوم کو ایسا لگا جیسے انہوں نے مفت لاٹری جیت لی ہو۔لوگ گاڑی کے شیشے توڑ کر بوتلوں اور کارٹنوں پر ٹوٹ پڑے، جس کو جو کچھ ملا وہ لے کر بھاگ گیا۔ کوئی ایک بوتل لے کر بھاگ گیا، کوئی پورا کارٹن لے کر۔ سڑک پر ماحول ایسا بن گیا جیسے یہ میلہ نہیں بلکہ شراب کی لوٹ مار کا میلہ ہو۔واقعے کے دوران وہاں میلہ چل رہا تھا، جس کی وجہ سے کافی ہجوم پہلے سے موجود تھا۔ جب پولیس کو جام اور بھیڑ کی اطلاع ملی تو ٹیم فوراً پہنچ گئی لیکن تب تک بہت دیر ہو چکی تھی۔ پولیس نے موقع سے صرف چار کارٹنوں میں شراب کی 116 بوتلیں برآمد کیں۔ باقی شراب غائب ہو چکی تھی۔اگر پولیس کی بات مانی جائے تو گاڑی نے ایک شخص کو ٹکر ماری جس کی وجہ سے لوگوں نے گاڑی کو پکڑ لیا۔ اس کے بعد لوگوں نے گاڑی کے پیچھے رکھے شراب کے ڈبے دیکھے تو لوگوں نے گاڑی کے شیشے توڑ کر شراب لوٹ لی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی تفتیش کی جا رہی ہے۔واضح ہو کہ بہار میں 2016 سے شراب پر مکمل پابندی نافذ ہے۔ خواتین کے مطالبے پر وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے 5 اپریل 2016 سے ریاست میں مکمل پابندی نافذ کر دی تھی۔ اس پر اپوزیشن کے ساتھ ساتھ حکمراں جماعت کئی بار سوال اٹھا چکی ہے۔ اس کے ساتھ ہی نتیش کمار کسی بھی قیمت پر امتناع قانون کو واپس لینے کو تیار نہیں ہیں۔ اس قانون کے تحت شراب پینا، سرو کرنا یا بیچنا جرم ہے اور اس کے لیے سخت سزا کا انتظام ہے۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan