نئی دہلی، 11 اگست (ہ س)۔ آپریشن سندور میں بری طرح شکست کھانے کے بعد بھی پاکستان دھمکیاں دینے سے گریز نہیں کر رہا۔ پاکستان کے آرمی چیف اور خود ساختہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایک بار پھر بھارت کو ایٹمی حملے کی دھمکی دی ہے۔ منیر اس وقت امریکہ کے دورے پر ہیں اور انہوں نے یہ متنازعہ بیان فلوریڈا کے شہر ٹمپا کے گرینڈ حیات ہوٹل میں عشائیے کے دوران دیا۔
عشائیہ میں موجود پاکستانی تاجر عدنان اسد اور دیگر مہمانوں کے سامنے منیر نے کہا کہ اگر بھارت کے ساتھ جنگ میں پاکستان کے وجود کو خطرہ ہوا تو ہم آدھی دنیا کو اپنے ساتھ لے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دریائے سندھ ہندوستانیوں کی آبائی جائیداد نہیں ہے اور پاکستان کے پاس میزائلوں کی کوئی کمی نہیں ہے۔
جنرل منیر نے الزام لگایا کہ بھارت نے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے 25 کروڑ لوگوں کو بھوک اور پیاس کے خطرے میں ڈال دیا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ پاکستان بھارت کے ڈیم بنانے کا انتظار کرے گا اور جب ڈیم بن جائے گا تو اسے میزائلوں سے اڑا دے گا۔
بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی پہلے ہی واضح کر چکے ہیں کہ بھارت کسی بھی ایٹمی حملے کے خطرے سے نہیں ڈرے گا۔ یہی نہیں، وزیر اعظم مودی بھارتی پارلیمنٹ اور کئی پلیٹ فارم پر بار بار اس بات کا اعادہ کر چکے ہیں کہ آپریشن سندور ختم نہیں ہوا، اسے ملتوی کر دیا گیا ہے۔ پاکستان کی طرف سے کسی بھی دہشت گردی کی کارروائی کو جنگ کا عمل تصور کیا جائے گا اور اس کا سخت جواب دیا جائے گا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد