جموں, یکم اگست (ہ س)۔ جموں و کشمیر کے ضلع رام بن میں مسلسل موسلادھار بارش کے بعد بغلیہاڑ پن بجلی منصوبے کے تمام سپل وے گیٹس کھول دیے گئے ہیں۔ ضلع انتظامیہ نے عوام کو متنبہ کیا ہے کہ وہ دریائے چناب اور اس کی معاون ندی نالوں کے قریب جانے سے سختی سے گریز کریں، کیونکہ پانی کی سطح میں اضافہ خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر رام بن، ورنجیت سنگھ چاڑک نے اس حوالے سے بتایا کہ بگلیہاڑ ہائیڈرو الیکٹرک پروجیکٹ کے انجینئرنگ و میکینیکل ڈویژن کی جانب سے ایک ایڈوائزری موصول ہوئی، جس میں مطلع کیا گیا کہ تمام سپل وے گیٹس کھولے جائیں گے، اور ہمیں اس ضمن میں عوامی احتیاطی ہدایت جاری کرنے کے لیے کہا گیا۔
اس کے پیش نظر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ رام بن نے تمام متعلقہ محکموں، بشمول ریونیو، پولیس، ایس ڈی آر ایف اور دیہی ترقیاتی اداروں کے افسران کو ہدایت دی ہے کہ وہ قریبی تال میل کے ساتھ دریائے چناب کے کناروں پر صورت حال کی مسلسل نگرانی کریں۔
عوامی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے مقامی سطح پر لمبرداروں، چوکیداروں، گرام روزگار سیوک اور ولیج لیول ورکرز کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ عام لوگوں، مویشیوں، کشتیوں اور گاڑیوں کو دریا کے کنارے یا اس کے آس پاس جانے سے روکیں۔
این ایچ پی سی حکام کے مطابق لگاتار بارش کے باعث دریائے چناب میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بڑھ گئی ہے، جس کے پیش نظر اضافی پانی کے اخراج کے لیے تمام گیٹ کھولنا ناگزیر ہو گیا۔
دریں اثنا، محکمہ موسمیات نے تازہ موسماتی ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ آنے والے دنوں میں جموں و کشمیر کے حساس علاقوں میں اچانک سیلاب، لینڈ سلائیڈ، کیچڑ کے تودے اور پتھر گرنے کے واقعات پیش آ سکتے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر