علی گڑھ, 31 جولائی (ہ س)۔
نیشنل اورل ہائجین ڈے کے موقع پر ڈاکٹر زیڈ اے ڈینٹل کالج، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ پیریوڈونشیا و کمیونٹی ڈینٹسٹری کے پبلک ہیلتھ ڈینٹسٹری سیکشن نے اقرا پبلک اسکول میں دانتوں کی صحت سے متعلق ایک کیمپ منعقد کیا تاکہ اسکولی طلبہ میں دانتوں کی صفائی اور صحت سے متعلق آگہی پیدا کی جا سکے۔
ڈاکٹر پرمود کمار یادو اور ڈاکٹر سید امان علی کی نگرانی میں جونیئر ریزیڈنٹ ڈاکٹروں اور انٹرنز پر مشتمل ایک ٹیم نے تقریباً 245 طلبہ کا معائنہ کیا۔ اس مہم کے تحت بچوں کو دانت صاف کرنے کے درست طریقے بتائے گئے اور دانتوں کی صفائی سے متعلق ضروری ہدایات دی گئیں تاکہ ابتدائی عمر سے ہی صحتمند عادات اپنائی جا سکیں۔ اس کے علاوہ ہر طالب علم کو ٹوتھ پیسٹ بھی فراہم کیا گیا۔ جن بچوں میں دانتوں کے مسائل پائے گئے، انہیں مزید علاج کے لیے ڈاکٹر زیڈ اے ڈینٹل کالج ریفر کیا گیا۔
صدر شعبہ ڈاکٹر نیہا اگروال نے کہا کہ ایسے آؤٹ ریچ پروگراموں کے ذریعے ہمارا مقصد بچوں کے اندر منہ کی صفائی کا احساس جاگزیں کرنا اور آگہی و علاج تک رسائی کے درمیان خلا کو پُر کرنا ہے۔
اس اقدام کو اقرا پبلک اسکول کی پرنسپل محترمہ عشرت پروین اور ڈاکٹر زیڈ اے ڈینٹل کالج کے پرنسپل پروفیسر آر کے تیواری کی بھرپور حمایت حاصل رہی۔ دونوں نے اس کوشش کو سراہا اور طلبہ کی فلاح و بہبود اور کمیونٹی ہیلتھ آؤٹ ریچ کے تئیں اپنے عزم کا اعادہ کیا۔
کیمپ میں فعال کردار ادا کرنے والوں میں جونیئر ریزیڈنٹ ڈاکٹر شاذیہ ناہید اور ڈاکٹر ہری دیا اور انٹرنز ڈاکٹر ثناء نسرین اور ڈاکٹر قرۃالعین شامل تھیں۔ ڈینٹل ہائجینسٹ مس مسکان اور مس امانت نے بھی پروگرام کی کامیابی میں اپنا کردار نبھایا۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ