۔کراسنگ ریپبلک میں سڑک دھنس گئی ، کئی گاڑیوں کو نقصان پہنچا
غازی آباد، 31 جولائی (ہ س)۔ اتر پردیش کے غازی آباد میں بدھ کی رات سے ہو رہی بارش جمعرات کو بھی جاری رہی۔ ضلع میں کئی گھنٹوں سے جاری موسلا دھار بارش سے معمولات زندگی درہم برہم ہو گئے ہیں۔ نویوگ مارکیٹ میں واقع نگر نگم کے ہیڈکوارٹر میں بجلی کا کرنٹ اتر آیا،جس کی وجہ سے افراتفری کا ماحول رہا۔ یہی نہیں کارپوریشن کے دفتر سے عملہ بھی باہر نکل آیا۔ تاہم محکمہ بجلی کے ملازمین جلد ہی خرابی دور کرنے میں مصروف ہوگئے۔
بارش کے باعث ضلع کی سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا جس سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ رات سے ہو رہی بارش کی وجہ سے کراسنگ ریپبلک علاقے کے نزدیک سوشانت ایکواپولیس، انسل ٹاون شپ، انسل پلازہ سوسائٹی میں نالے کے پانی کی وجہ سے سڑکیں دھنس گئی ہیں۔ سڑک ٹوٹنے سے 8 سے 10 گاڑیاں زمین میں دھنس گئی ہیں۔ رات تقریباً 3 بجے پیش آنے والے اس حادثے کے بعد سوشانت لوک اپارٹمنٹ کے لوگوں نے کرین بلائی اور خود گاڑیوں کو باہر نکلوایا۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ متعلقہ محکموں سے متعدد بار رابطہ کیا گیا مگر کوئی سننے والا نہیں تھا۔
اس کے ساتھ ہی سدھارتھ وہار میں واقع پرتیک گرانڈ میں بھی پانی بھر گیا ہے۔ اس کے علاوہ نشیبی علاقوں کے لوگوں کو بھی بارش کی وجہ سے گھروں میں پانی جمع ہونے سے پریشانی کا سامنا ہے۔ کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی۔
میونسپل کمشنر وکرمادتیہ ملک کا کہنا ہے کہ شدید بارش کی وجہ سے کچھ مقامات پر پانی بھر گیا ہے۔ میونسپل کارپوریشن کے ملازمین صورتحال کو سدھارنے میں مصروف ہیں۔ وہ خود بارش کے بعد علاقوں میں پانی جمع ہونے کا معائنہ کر رہے ہیں اور امدادی کام کر رہے ہیں۔
ہندوستھا ن سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد