علی گڑھ, 30 جولائی (ہ س)۔
جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج کے شعبہ میڈیسن نے نیشنل وائرل ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام (این وی ایچ سی پی) کے اشتراک سے 28 جولائی کو عالمی یومِ ہیپاٹائٹس کی مناسبت سے ایک بیداری سیمینار اور طبی کیمپ منعقد کیا۔
شعبہ میڈیسن کے صدر پروفیسر محمد اسلم کی رہنمائی میں منعقد ہ اس پروگرام کا مقصد صحت پیشہ وروں اور عوام میں ہیپاٹائٹس کی روک تھام، تشخیص اور علاج سے متعلق بیداری کو فروغ دینا تھا۔ شعبہ میڈیسن کے ڈاکٹر دیوادا امبالال نے وائرل ہیپاٹائٹس پر لیکچر دیا، جس کے بعد اینٹی ریٹرووائرل تھیریپی (اے آرٹی) سینٹر میں ایک ہیپاٹائٹس کیمپ منعقد ہوا، جہاں جانچ اور مشورہ کی سہولت فراہم کی گئی۔ پروفیسر محمد حبیب رضا،ڈین، فیکلٹی آف میڈیسن، پروفیسر سید امجد علی رضوی،میڈیکل سپرنٹنڈنٹ، اور پروفیسر سعدیہ سعید،اسسٹنٹ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے ہیپاٹائٹس سے متعلق بیداری اور صحت عامہ سے متعلق پروگراموں میں عوام کی شمولیت کی اہمیت پر زور دیا۔
اے آر ٹی سینٹر کے نوڈل آفیسر ڈاکٹر حسینی ایس حیدر مہدی نے او پی ڈی نمبر 23 میں فراہم کی جانے والی ہیپاٹائٹس سے متعلق مفت سہولیات، وائرل لوڈ ٹیسٹنگ وغیرہ سے متعلق معلومات فراہم کیں۔ سیمینار میں ڈاکٹر محمد ثاقب عالم نے عمومی ہیپاٹائٹس آگہی پر اور ڈاکٹر محمد سلمان نے وائرل ہیپاٹائٹس کے علاج سے متعلق پرزنٹیشن دیا۔
آخر میں ڈاکٹر شفقت تسنیم نے شکریہ کے کلمات ادا کئے۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ