جے پور، 30 جولائی (ہ س)۔ راجستھان کے جنوب مشرقی حصوں میں موسلا دھار بارش سے سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ سوائی مادھوپور، باراں، کوٹا، بوندی، جھالاواڑ اور پرتاپ گڑھ اضلاع میں موسلادھار بارش ہو رہی ہے۔ محکمہ موسمیات نے بدھ کو ان چھ اضلاع کے لیے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے، جب کہ بیکانیر، جیسلمیر اور باڑمیر کو چھوڑ کر باقی اضلاع میں بارش کے لیے یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ احتیاطی تدابیر کے طور پر مقامی انتظامیہ نے بدھ کو 14 اضلاع کے اسکولوں میں تعطیل کا اعلان کیا ہے۔
سوائی مادھوپور ضلع میں منگل کی دیر رات شروع ہوئی بارش نے شہر کو پانی پانی کر دیا ہے۔ کئی رہائشی علاقے پانچ فٹ تک پانی سے بھر گئے ہیں۔ پانی کے تیز بہاو کے باعث سڑکوں پر کھڑی گاڑیاں ایک دوسرے پر چڑھ گئیں۔ بدھ کی صبح سے ہی ریسکیو ٹیمیں شہر کے مختلف حصوں میں راحت اور بچاو کے کاموں کے لیے تعینات ہیں۔ بارش سے ریلوے ٹریفک بھی متاثر ہوئی ہے۔ سوائی مادھو پور ریلوے اسٹیشن کی پٹریاں زیر آب آگئی ہیں۔ ٹرین نمبر 22674 کو پلیٹ فارم نمبر دو پر پہنچنے میں بیس منٹ لگے جبکہ ٹرین نمبر 12979، 14814 اور 12059 کو اسٹیشن کے باہر روکنا پڑا۔
سوائی مادھوپور ضلع ہیڈکوارٹر سے تقریباً 12 کلومیٹر دور بودل علاقے میں نیشنل ہائی وے-552 پر واقع اوگاڑ پلیا تیز دھار میں بہہ گئی ہے۔ اس کے نتیجے میں سوائی مادھوپور-شیوپور سڑک مکمل طور پر بند ہو گئی ہے اور راجستھان کا مدھیہ پردیش سے سڑک کا رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ اس پل کا حال ہی میں ریاست کے وزیر جنگلات سنجے شرما اور کھنڈار کے رکن اسمبلی جتیندر گوٹھوال نے معائنہ کیا تھا۔ رکن اسمبلی نے پلیا کی تعمیر کی اجازت کے بارے میں فوری فیصلہ لینے کا مطالبہ کیا تھا جس پر وزیر جنگلات نے متعلقہ حکام کو ضروری این او سی جاری کرنے کی ہدایت بھی دی تھی۔ اب پلیا بہہ جانے کی وجہ سے یہ راستہ غیر اعلانیہ طور سے بند ہوگیا ہے۔
جے پور میں بدھ کی صبح سے ہی بوندا باندی کا سلسلہ جاری ہے۔ سڑکوں پر پانی جمع ہونے اور ٹریفک کی سست رفتاری نے اسے متاثر کیا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں باراں، بھرت پور، الور اور سوائی مادھوپور سمیت کئی اضلاع میں 1 سے 3 انچ تک بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ شدید بارش کے باعث کئی ڈیموں سے مسلسل پانی چھوڑا جا رہا ہے جس کی وجہ سے ندی نالوں میں طغیانیہے اور کئی چھوٹے گاوں اور قصبوں کا رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔ موسمیاتی مرکز، جے پور کے مطابق خلیج بنگال میں بننے والا نظام اب کمزور ہو کر راجستھان میں کم دباو والے زون میں تبدیل ہو گیا ہے، جو اس وقت ریاست کے جنوب مشرقی حصوں میں سرگرم ہے۔ مانسون کی ٹرف لائن اس وقت سری گنگا نگر، دہلی سے گزر رہی ہے، جس کی وجہ سے اگلے 48 گھنٹے بھی ریاست کے لیے چیلنجنگ ہونے کی امید ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن