جموں, 30 جولائی (ہ س)۔ جموں ایئرپورٹ کے اطراف پرندوں کے باعث پیش آنے والے خطرات کی روک تھام کیلئے انتظامیہ نے ایک مشترکہ کمیٹی قائم کی ہے جو ایک ہفتے کے اندر جامع رپورٹ پیش کرے گی۔
ڈویژنل کمشنر جموں رمیش کمار نے کمیٹی ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر شیر سنگھ کی سربراہی میں تشکیل دی ہے، جس میں جموں ڈیولپمنٹ اتھارٹی، جموں میونسپل کارپوریشن، کینٹونمنٹ بورڈ جموں، ایئرپورٹ اتھارٹی آف انڈیا اور ایئر فورس اسٹیشن جموں کے نمائندے شامل ہیں۔
کمیٹی کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ زمینی سطح پر معائنہ کر کے پرندوں کے خطرات کے تدارک کے لئے ٹھوس سفارشات مرتب کرے۔
یہ کمیٹی ڈویژنل کمشنر کی صدارت میں منعقدہ ایک اہم اجلاس میں تشکیل دی گئی جس میں ایئرپورٹ کے اطراف پرندوں کی بڑھتی سرگرمیوں پر تشویش ظاہر کی گئی۔ اجلاس میں اس بات کا بھی سخت نوٹس لیا گیا کہ علاقے میں کچرے کے ڈھیر اور فضلے کے غیر مناسب اخراج سے پرندے ایئرپورٹ کے قریب جمع ہو رہے ہیں، جو فضائی سرگرمیوں کے لئے خطرہ بن سکتا ہے۔
ڈویژنل کمشنر نے جموں میونسپل کارپوریشن، جموں ڈیولپمنٹ اتھارٹی اور کینٹونمنٹ بورڈ کے حکام کو ہدایت دی کہ ایئرپورٹ کے گرد و نواح میں کچرے کے ٹھکانے لگانے کا مؤثر نظام وضع کریں اور عوامی بیداری مہم کے ذریعے غیر ذمہ دارانہ طور پر کچرا پھینکنے کی روش ترک کروائیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر