بانہال کے رتن باس علاقے میں 17 سالہ لڑکا گہرے گڑھے میں ڈوب کر جاں بحق
جموں, 30 جولائی (ہ س)۔ بانہال کے رتن باس علاقے میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں 17 سالہ لڑکا پانی سے بھرے ایک گہرے گڑھے میں ڈوب کر جاں بحق ہوگیا۔ یہ گڑھا مبینہ طور پر نالہ بشلاری میں غیر قانونی ریت نکالنے کی کارروائیوں کے نتیجے میں وجود
بانہال کے رتن باس علاقے میں 17 سالہ لڑکا گہرے گڑھے میں ڈوب کر جاں بحق


جموں, 30 جولائی (ہ س)۔ بانہال کے رتن باس علاقے میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں 17 سالہ لڑکا پانی سے بھرے ایک گہرے گڑھے میں ڈوب کر جاں بحق ہوگیا۔ یہ گڑھا مبینہ طور پر نالہ بشلاری میں غیر قانونی ریت نکالنے کی کارروائیوں کے نتیجے میں وجود میں آیا تھا۔

متوفی کی شناخت اصغر علی گجر ولد محمد اشرف سکنہ رتن باس کے طور پر کی گئی ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق اصغر اپنے ایک ساتھی کے ساتھ نالے میں نہا رہا تھا کہ اچانک پھسل کر گہرے گڑھے میں جا گرا اور جان بچانے میں ناکام رہا۔

مقامی باشندوں نے اس افسوسناک سانحے کا ذمہ دار ریت مافیا کو قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ نالہ بشلاری سے غیر قانونی طور پر ریت نکالنے کے بعد خطرناک گڑھے کھلے چھوڑ دیے جاتے ہیں، نہ انہیں بھرا جاتا ہے اور نہ ہی کسی قسم کی نشان دہی کی جاتی ہے، جس سے عوام کی زندگیوں کو شدید خطرہ لاحق ہے۔

ایک مقامی شخص نے کہا کہ یہ پہلا حادثہ نہیں ہے، اگر بروقت کارروائی نہ کی گئی تو مزید جانیں ضائع ہوسکتی ہیں۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، ریسکیو ٹیمیں اور این جی او بانہال کے رضاکار موقع پر پہنچے اور کئی گھنٹوں کی کوشش کے بعد لاش کو بازیاب کر لیا۔

مقامی آبادی نے انتظامیہ سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ غیر قانونی ریت نکالنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے اور تمام ترک شدہ گڑھوں کو بھر کر محفوظ بنایا جائے تاکہ آئندہ ایسے المناک سانحات رونما نہ ہوں۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / محمد اصغر


 rajesh pande