کولمبو، 3 جولائی (ہ س)۔ بنگلہ دیش کے تیز گیندباز تسکین احمد نے سری لنکا کے خلاف پہلے ون ڈے میں شکست پر کہا کہ شاندار آغاز کے بعد ٹیم نے دباو میں غلط فیصلے کیے اور میچ ہار گئی۔
تسکین نے بدھ کو میچ کے بعد کہا، ’’مجھے امید تھی کہ ہم یہ میچ پانچ سے سات اوورز باقی رہتے جیت جائیں گے۔ ہم نے 16 اوورز میں 1 وکٹ پر 96 رن بنائے تھے، اس لیے ایسا لگ رہا تھا کہ ہم آسانی سے جیت جائیں گے۔‘‘
تاہم میدان میں حالات بدل گئے۔ بنگلہ دیش نے صرف 5 رن میں 7 وکٹیں گنوا دیں۔ تسکین نے اعتراف کیا کہ میلن رتھنائیکے کی جانب سے نظم الحسین شانتو کو آوٹ کرنے کے لیے شاندار فیلڈنگ کے ساتھ شکست کا آغاز ہوا۔ ہسرنگا نے اسی اوور میں ایل بی ڈبلیو وکٹ بھی حاصل کی۔
تسکین نے کہا، ’’وہ اوور میچ کا ٹرننگ پوائنٹ تھا۔ درمیانی اوورز میں ہم نے بہت خراب بلے بازی کی۔ 100 رن کے تیز آغاز کے بعد 100 پر 2 اور پھر 107 کے عوض 8 کا ہونا بہت مہنگا ثابت ہوا۔‘‘
بنگلہ دیش کی جانب سے بہترین بلے باز ذاکر علی رہے جنہوں نے 64 گیندوں پر 51 رن بنائے۔ تسکین نے کہا، ’’ذاکر جب سیٹ ہوئے تو وہ شاندار بلے بازی کر رہے تھے۔ اگر دو تین اور بلے باز ان کے ساتھ رہتے تو ہم یہ میچ جیت سکتے تھے۔ وکٹ اتنی بری نہیں تھی جتنی ہماری بری کارکردگی رہی۔‘‘
آخر میں تسکین نے واضح طور پر شکست کی وجہ بیان کی، ’’ہم نے شروع میں اچھا کھیلا لیکن جیسے ہی رن آوٹ ہوا اور تمیم آوٹ ہوئے تو ٹیم میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ ہم اپنے فطری کھیل سے ہٹ کر کھیلے اور دباو میں بکھر گئے۔ اس شکست کی وجہ یہی تھی۔‘‘
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن