۔اسپین کے شہر زمورا میں پیش آنے والے اس حادثے میں ڈیوگو جوٹا کے بھائی آندرے سلوا کی بھی موت
نئی دہلی، 03 جولائی (ہ س)۔ فٹبال کی دنیا سے انتہائی افسوسناک خبر سامنے آئی ہے۔ لیور پول اور پرتگال کے اسٹار فارورڈ ڈیوگو جوٹا 28 سال کی عمر میں سڑک حادثے میں جاں بحق ہو گئے ہیں۔حادثہ جمعرات کی صبح اسپین کے شہر زمورا میں پیش آیا جس میں ان کے چھوٹے بھائی آندرے سلوا کی بھی موت ہو گئی۔
پرتگالی فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) نے ایک بیان میں اس افسوسناک واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا، ”پرتگالی فٹبال فیڈریشن اور پوری پرتگالی فٹبال کمیونٹی ڈیوگو جوٹا اور ان کے بھائی آندرے سلوا کی موت پر گہرے دکھ میں مبتلا ہے۔ ہم نے یوئیفا سے جمعرات کو یوروپیئن چیمپئن شپ میں اسپین کے خلاف ہونے والے میچ سے قبل ایک منٹ کی خاموشی اختیار کر نے کی درخواست کی ہے ۔“
ہسپانوی رپورٹس کے مطابق حادثہ اے-52 ہائی وے پر پالاسیوس دے سانابریا کے قریب پیش آیا۔ دونوں بھائیوں کی گاڑی کو آگ لگ گئی اور جنگل میں پھیل گئی۔ ڈیوگو جوٹا کی عمر 28 سال تھی اور ان کے بھائی آندرے کی عمر 26 سال تھی۔
ڈیوگو جوٹا پورٹو میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز پیکوس ڈی فریرا کے یوتھ کلب سے کیا جس کے بعد انہوں نے 2016 میں اٹلیٹیکو میڈرڈ میں شمولیت اختیار کی۔اس کے بعد وہ پورٹو اور ولور ہیمپٹن وانڈررز میں بھی کھیلے۔ لیکن انہیں لیورپول میں سب سے زیادہ پہچان ملی، جہاں انہوں نے منیجر جورجین کلوپ کی قیادت میں ایف اے کپ اور لیگ کپ جیتا، اور منیجر آرنی سلاٹ کی رہنمائی میں 2024/25 پریمیئر لیگ کاخطاب جیتا۔
وہ پرتگال کی قومی ٹیم کا حصہ تھے جس نے 2019 اور 2025 میںیوئیفا نیشنز لیگ جیتا تھا۔ ان کے بھائی 26سالہ آندرے سلوا ایک پیشہ ور فٹبالر بھی تھے اور پرتگال کی سیکنڈ ڈویژن ٹیم پینافیئل کے لیے کھیلتے تھے۔
ایف سی پورٹو نے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے لکھا، ”ایف سی پورٹو سوگ میں ہے۔ ہم ڈیوگو جوٹا اور ان کے بھائی آندرے سلوا کی المناک موت کی خبر سے صدمے اور گہرے غم زدہ ہیں۔ ہماری گہری تعزیت ان کے اہل خانہ اور دوستوں کے ساتھ ہے۔ ان کی روح کو سکون ملے۔“ ڈیوگو جوٹا کے پسماندگان میں بیوی اور تین بچے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد